پاپس کے 46.2، نمکوکے 33.3، سیزننگ پاؤڈرکے 18.1 جبکہ کری پاؤڈر کے 28.1 فیصد نمونے غیر معیاری قرار پائے گئے، رپورٹ
خیبرپختونخوا فوڈ سیفٹی اینڈ حلال فوڈ اتھارٹی نے صوبے کی تاریخ میں پہلی مرتبہ اپنی نوعیت کی پندرہ روزہ پاپس،چپس اور مصالحہ جات کی ٹیسٹنگ مہم کامیابی سے مکمل کرلی۔ اس مہم کے دوران مختلف کارخانوں سے 462 نمونے جمع کرکے جانچ پڑتال کی گئی۔ترجمان فوڈ اتھارٹی نے تفصیلات جاری کرتے ہوئے کہا کہ مہم کے دوران کل 175 پاپس، 24 نمکو، 160سیزننگ پاؤڈر اور 103 کری پاؤڈر کے نمونے چیک کیے گئے۔ترجمان نے کا کہنا تھا کہ پاپس کے 175 نمونوں میں سے 93تسلی بخش جبکہ 82 غیر معیاری ثابت ہوئے۔ نمکو کے 24 نمونوں میں سے 16 معیار پر پورا اترے جبکہ 8 فیل قرار پائے۔ اسی طرح سیزننگ پاؤڈر کے 160 نمونوں میں سے 131 پاس اور 29 فیل ثابت ہوئے۔ کری پاؤڈر کے 103نمونوں میں 74 تسلی بخش جبکہ 29 غیر معیاری قرار دیے گئے۔تفصیلات کیمطابق پاپس کے 46.2، نمکوکے 33.3، سیزننگ پاؤڈرکے 18.1 جبکہ کری پاؤڈر کے 28.1 فیصد نمونے غیر معیاری قرار پائے گئے۔نمونوں کے تجزیے کے دوران نمی، فری فیٹی ایسڈ، ٹوٹل ایش، پر آکسائیڈ ویلیو، پیکنگ تھکنس، اور افلاٹاکسینز کے لیول کا جائزہ لیا گیا۔ ترجمان نے بتایا کہ ان نمونوں کا تجزیہ جدید آلات جیسے ایلیزا ریڈر، پراگزیمیٹ این آئی آر، مافل فرنیس، اور ڈیجیٹل سکریو گیج سے کیا گیا۔ڈائریکٹر جنرل فوڈ اتھارٹی واصف سعید نے کہا کہ مہم کا مقصد مارکیٹ میں دستیاب پاپس، چپس اور اس میں استعمال ہونے والے مصالحہ جات کے معیار کی جانچ کرنا تھا۔ انہوں نے مزید کہا کہ بچوں کو غیر معیاری اور مضر صحت پاپس اور چپس کی فروخت کسی صورت اجازت نہیں دی جائے گی۔سیکرٹری محکمہ خوراک ثاقب رضا اسلم نے کہا کہ ایسی خصوصی فوڈ ٹیسٹنگ مہمات کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا تاکہ عوام کو محفوظ اور معیاری خوراک فراہم کی جا سکے۔وزیر خوراک ظاہر شاہ طورو کا کہنا تھا کہ فوڈ اتھارٹی کو مزید جدید فوڈ ٹیسٹنگ آلات فراہم کیے جا رہے ہیں تاکہ خوراکی اشیاء کے معیار کا سائنسی تجزیہ ممکن ہو۔ انہوں نے کہا کہ معیاری خوردونوش اشیاء کی فراہمی یقینی بنانے سے ہم اپنے صوبے کے ہسپتالوں پر بوجھ کم کر سکتے ہیں۔