مشیر صحت احتشام علی کی ویمن اینڈ چلڈرن ہسپتال ایبٹ آباد آمد

مشیر صحت احتشام علی نے چیف آف یونیسیف پشاور راڈوسلا رادک کے ہمراہ ویمن چلڈرن ہسپتال میں سٹیٹ آف ڈی آرٹ این آئی سی یو کا افتتاح کردیا۔اس موقع پر ڈی ایچ او ایبٹ آباد شکیل سرور، ریجنل ڈائریکٹر ہزارہ ڈاکٹر عامر اسرار، چیف آف یونیسیف پشاور راڈوسلا رادک، ہیلتھ سپیشلسٹ ڈاکٹر انعام اللہ خان بھی موجود تھے۔ مشیر صحت نے فیتہ کاٹ کر نومولود بچوں کی نگہداشت کے لئے بنائے گئے یونٹ کا باقاعدہ افتتاح کیا۔ مشیر صحت نے اس موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نومولود بچوں کی نگہداشت کے لئے ایسے یونٹس کا قیام وقت کی ضرورت ہے۔ سٹیٹ آف دی آرٹ این آئی سی یو 45 بستروں پر مشتمل ہے جو کہ پورے ہزارہ ریجن کو کور کرے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ یونیسیف کے تعاون سے آکسیجن کی بلا تعطل فراہمی کیلئے پلانٹ بھی لگایا گیا ہے۔ این آئی سی یو، کینگرو مدر کئیر، انٹنسیو کئیر اور انفیکشئیس ڈیزیز کے علاج کیلئے الگ الگ یونٹس قائم کئے گئے ہیں۔ مشیر صحت احتشام علی نے کہا کہ حکومت ہر ضلعی ہسپتال میں یونیسف کے ماڈل کا نیو بارن یونٹ بنائے گی۔ جسکے لئے آئندہ ADP میں رقم مختص کی جائیگی۔مشیر صحت نے این آئی سی یوز کے قیام پر یونیسیف کے تعاون کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یونیسیف کے تعاون سے نیوٹریشن کا پروگرام بھی اس ہسپتال میں چل رہا ہے۔ انہوں نے یونیسیف سے تعاون جاری رکھنے اور اس کو مزید مربوط بنانے کی استدعا بھی کی۔ چیف آف یونیسیف پشاور راڈوسلا رادک نے اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ این آئی سی یو کے قیام سے نوزائدہ بچوں کی اموات کی شرح میں واضح کمی واقع ہوگی۔ اس سے قبل ہم نے باچا خان میڈیکل کمپلیکس میں ایسا این آئی سی یو قائم کیا ہے۔ انہوں نے عہد کیا یونیسیف ماں اور بچے کی صحت کی بہتری کیلئے محکمہ صحت خیبرپختونخوا کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور اس بابت دور دراز علاقوں میں انقلابی اقدامات اُٹھائے جارہے ہیں۔

مزید پڑھیں