یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے پختونخوا ہاؤس میں خصوصی تقریب ہوئی۔ کمشنر ڈویژن مردان نثار احمد مہمان خصوصی تھے۔ تقریب میں ڈپٹی کمشنر مردان ڈاکٹر عظمت اللہ وزیر, ڈی پی او ظہور بابر آفریدی، سیکرٹری ٹو کمشنر سارا تواب، اے ڈی سی فنانس فہد افتخار، سرکاری افسران، میڈیا، سول سوسائٹی، سکولوں کے طلباء و طالبات نے شرکت کی۔ کشمیری بھائیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی۔ سکول کے بچے بچیوں نے قومی نغمے، ترانے، تقاریر اور ٹیبلو پیش کیے جن میں کشمیری مسلمانوں کی قربانیوں کو اجاگر کیا گیا اور ان پر بھارتی قابض فوج کے ظلم و بربریت کی منظر کشی کی گئی۔ مقررین نے کشمیری مسلمانوں پر بھارتی غاصب فوج کے مظالم کی مذمت کی۔ انہوں نے کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر عالمی ضمیر کی خاموشی کو افسوسناک قرار دیا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کمشنر مردان نثار احمد نے کہا کہ کشمیری مسلمانوں کی جدوجہد آزادی ضرور کامیاب ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کو کشمیری عوام کی امنگوں اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کیا جائے۔ انہوں نے اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کے اداروں پر زور دیا کہ وہ کشمیر میں بھارتی مظالم اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا نوٹس لیں۔ کمشنر مردان نے کہا کہ یہ دن ہمیں یہ احساس دلاتا ہے کہ آزادی کتنی اہم ہے اور ہمارے اسلاف نے آگ و خون کے دریا پار کر کے ہمارے لیے آزادی حاصل کی جس کی ہمیں قدر کرنی چاہییے۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان نے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت کا خاتمہ کرکے وہاں کی ڈیموگرافی تبدیل کرنے کی کوشش کی ہے۔ پاکستان اپنے کشمیری بہن بھائیوں کی جدوجہد آزادی میں ان کے ساتھ ہے اور کشمیری مسلمانوں کی قربانیوں کی بدولت کشمیر آزاد ہو کر پاکستان کا حصہ بنے گا۔ آخر میں کمشنر مردان نثار احمد اور ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر عظمت اللہ وزیر نے واک کی قیادت کی۔