یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر ضلع ایبٹ آباد میں ضلع انتظامیہ کی جانب سے کشمیر کے مظلوم عوام سے یکجہتی کا بھرپور اظہار کیا گیا۔ اس سلسلے میں ایوب پل حویلیاں پر انسانی ہاتھوں کی زنجیر بنائی گئی اور کشمیری عوام سے یکجہتی اور ان کی حمایت کے لیے ایوب پل سے پرانا پل حویلیاں تک واک بھی کی گئی۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر ایبٹ آباد کیپٹن (ر) ثناء اللہ خان، وائس چانسلر ایبٹ آباد یونیورسٹی آف اینڈ ٹیکنالوجی ملک مجدد الرحمان، تحصیل چیئرمین حویلیاں عزیز شیر خان، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ایبٹ آباد عثمان اشرف، اسسٹنٹ کمشنر حویلیاں، لائن ڈیپارٹمنٹس کے افسران اور نمائندوں سمیت سکولوں کے طلباء و طالبات اور اساتذہ نے شرکت کی۔ شرکاء نے بھارتی ظلم و تسلط کے خلاف کشمیری عوام کے غیر متزلزل عزم و حوصلے کو سراہا اور انہیں یقین دلایا کہ ہمارا دل کشمیریوں کے ساتھ دھڑکتا ہے۔ کشمیر کی بھارتی تسلط سے آزادی تک کشمیریوں کی حمایت کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے بھارتی سامراج کے خلاف اور کشمیری عوام کے حق میں نعرے بازی کی گئی۔ دریں اثناء گورنمنٹ ماڈل ہائی سکول حویلیاں میں یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا جس کے مہمان خصوصی ڈپٹی کمشنر ایبٹ آباد کیپٹن (ر) ثناء اللہ خان تھے جبکہ اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر، اسٹنٹ کمشنرز، اساتذہ اور نجی و سرکاری سکولوں کے طلباء و طالبات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ تقریب میں طلباء و طالبات نے کشمیری عوام سے یکجہتی کے اظہار اور ان پر بھارتی مظالم کو اجاگر کرنے حوالے سے ٹیبلوز پیشں کیے اور تقاریر کیں۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر ایبٹ آباد کیپٹن ر ثناء اللہ خان نے کہا کہ آج یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر ایک دفعہ پھر ہم سب مل کر کشمیری عوام کو یقین دلاتے ہیں کہ ان کے حق خودارادیت کے حصول کے لیے پاکستان کے عوام ان کے ساتھ کھڑے ہیں۔ پاکستان نے کشمیر اور کشمیری عوام کے لیے ہر عالمی فورم پر آواز اٹھائی ہے اور اٹھاتا رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ ایک دن کشمیر میں بھی آزادی کا سورج طلوع ہوگا۔ ہم سب مل کر کشمیری عوام کے ساتھ کھڑے ہیں اور کشمیر کی بھارتی تسلط سے آزادی تک ان کے ساتھ کھڑے رہیں گے۔ قبل ازیں یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر ڈپٹی کمشنر آفس میں پرچم کشائی کی تقریب کا انعقاد بھی کیا گیا جس کے مہمان خصوصی کمشنر ہزارہ ڈویژن ظہیر اسلام تھے۔ پرچم کشائی کے بعد ملک خدادا پاکستان کی سلامیت اور کشمیر کی بھارتی سامراج اور کشمیریوں کی بھارتی ظالم افواج سے آزادی کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔