محکمہ صحت کے سامنے ”سٹرینتھننگ آف ری ہیبلیٹیشن سروسز فار فزیکلی ڈسیبلڈ پرسنز” پروجیکٹ کے ملازمین نے بند تنخواہوں کی بحالی کے لیے احتجاج کیا۔ احتجاج کے دوران مشیر صحت خیبر پختونخوا احتشام علی نے مظاہرین کے مسائل غور سے سنے اور ان کے فوری حل کے لیے احکامات جاری کیے۔مشیر صحت نے احتجاجی ملازمین کے نمائندہ وفد سے ملاقات کے دوران کہا کہ یہ پروجیکٹ چوتھی مرتبہ نظرثانی کے لیے پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ (پی اینڈ ڈی) کو بھیجا گیا ہے اور وہاں اس پروجیکٹ کو فعال بنانے کے لیے فالو اپ کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 54 فزیو تھراپسٹ اور تین سپورٹ اسٹاف کی سات ماہ سے بند تنخواہیں انتہائی ناانصافی ہے۔ مشیر صحت نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ”اگر میرا عملہ تنخواہ نہیں لے گا تو وہ کام کیسے کرے گا؟”مشیر صحت کی ہدایت پر اقدامات کا آغاز ہونے پرمظاہرین نے مشیر صحت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اپنا احتجاج ختم کر دیا۔