خیبر پختونخوا میں صنعتوں کو صوبے کی اپنی پیداواری بجلی سستے نرخوں پر فراہم کرنے کے لیے ترسیلی لائنوں کے مجوزہ لائحہ عمل پر غور کرنے اور اس حوالے سے پختونخوا ہائیڈل ڈویلپمنٹ آرگنائزیشن (پیڈو) اور خیبر پختونخوا اکنامک زونز ڈویلپمنٹ اینڈ منیجمنٹ کمپنی (کے پی ایزڈمک) کی تجاویز کا جائزہ لینے کے لیے ایک اعلیٰ سطحی اجلاس منگل کے روز سول سیکرٹریٹ پشاور میں منعقد ہوا۔ اجلاس کی صدارت وزیرِ اعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاونینِ خصوصی برائے صنعت عبد الکریم تورڈھیراور توانائی و برقیات طارق سدوزئی نے مشترکہ طور پر کی۔ اجلاس میں ایڈیشنل سیکریٹری صنعت ریحان گل خٹک، محکمہ صنعت اور توانائی و برقیات کے دیگر حکام، خیبر پختونخوا ٹرانسمیشن اینڈ ڈسپیچ کمپنی، کے پی ایزڈمک، سمال انڈسٹریز ڈویلپمنٹ بورڈ، اور پیڈو کے افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں کے پی ایزڈمک کے افسران نے مقامی توانائی منصوبوں کے ذریعے اکنامک زونز، انڈسٹریل پارکس اور اسٹیٹس کو درکار توانائی کی ضروریات اور ممکنہ فراہمی کے لیے موزوں ترسیلی لائنوں پر تفصیلی پریزنٹیشن دی۔ اس دوران کے پی ایزڈمک کی جانب سے ایک ذیلی ٹرانسمیشن لائن کمپنی کے قیام کا منصوبہ بھی پیش کیا گیا۔مزید برآں، پیڈو نے سوات اور دیر کوریڈورز سے آنے والی بجلی کے گرڈ اسٹیشن کے قیام کے لیے کاٹلنک میں اکنامک زون کے اندر اراضی مختص کرنے کی تجویز دی۔ اجلاس میں پیڈو کے تحت صنعتوں کو سستی بجلی کی فراہمی کے لیے مرتب کردہ پلان اور مستقبل قریب میں مکمل ہونے والے توانائی منصوبوں پر بھی بریفنگ دی گئی۔ اس موقع پر متعلقہ محکموں کے حکام کو ہدایت کی گئی کہ وہ کسی بھی مؤثر اور قابلِ عمل منصوبے پر متفق ہونے کے لیے ضروری ہوم ورک مکمل کریں۔ معاونِ خصوصی برائے صنعت عبدالکریم تورڈھیر نے کہا کہ صوبے کی اپنی پیداواری بجلی کو مقامی صنعتوں کے لیے بروئے کار لانا ایک اہم سنگ میل ہوگا، جس سے توانائی کی مشکلات کا خاتمہ اور صنعتکاری کو فروغ ملے گا۔ معاونِ خصوصی برائے توانائی و برقیات طارق سدوزئی نے اس حوالے سے دونوں محکموں کے درمیان مسلسل مشاورت کی ضرورت پر زور دیا تاکہ ایک واضح اور قابلِ عمل منصوبے پر اتفاقِ رائے ممکن ہو سکے۔ انہوں نے اس ضمن میں باضابطہ مفاہمتی یادداشت (MoU) پر دستخط کرنے کی تجویز بھی دی تاکہ منصوبے کو جلد عملی جامہ پہنایا جا سکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ صنعتوں کو سستی بجلی کی فراہمی حکومت کی ترجیح ہے اور اس مقصد کے لیے سنجیدہ اقدامات کیے جا رہے ہیں۔