صوبائی وزیر خوراک ظاہر شاہ طورو کا باچا خان میڈیکل کالج مردان کا دورہ، ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ

وزیر خوراک خیبرپختونخوا ظاہر شاہ طورو نے باچا خان میڈیکل کالج مردان کا دورہ کیا، جہاں انہیں کالج کے جاری ترقیاتی منصوبوں، ایک ہزار کنال اراضی سے متعلق مسائل اور بینظیر بھٹو چلڈرن ہسپتال کے لیے درکار مالی وسائل پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔اس موقع پر ڈین باچا خان میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر امجد علی، پرنسپل باچا خان ڈینٹل کالج پروفیسر ڈاکٹر منیر خان، پرنسپل نرسنگ کالج شہیر احمد، پرنسپل کالج آف میڈیکل ٹیکنالوجی محمد ناصر، مینیجر ایڈمنسٹریشن مردان میڈیکل کمپلیکس ڈاکٹر فرحان اکرم اور انجینئر اعجاز خان بھی موجود تھے۔ڈین باچا خان میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر امجد علی نے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ مذکورہ اراضی ادارے کے لیے انتہائی اہمیت کی حامل ہے اور یہاں کئی ترقیاتی منصوبوں کی تعمیر کی پیشگی منصوبہ بندی مکمل کر لی گئی ہے۔ انہوں نے صوبائی وزیر سے اس اراضی کے حصول میں معاونت کی درخواست کی۔انہوں نے مزید بتایا کہ بینظیر بھٹو چلڈرن ہسپتال میں ترقیاتی کام تیزی سے جاری ہے اور حال ہی میں 120 بستروں پر مشتمل شعبہ اطفال قائم کر کے مریضوں کو منتقل کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے ہسپتال کی تعمیر و تکمیل کے لیے مالی وسائل کی فراہمی میں حکومتی تعاون کی بھی اپیل کی۔ صوبائی وزیر خوراک ظاہر شاہ طورو نے کالج انتظامیہ کو اراضی اور مالی وسائل سے متعلق مسائل کے حل کے لیے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ مردان میں صحت کے شعبے میں جاری ترقیاتی منصوبوں کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیا جائے گا۔ بعد ازاں، صوبائی وزیر نے۔کالج کی اراضی کا دورہ بھی کیا اور وہاں کی صورتحال کا جائزہ لیا۔

مزید پڑھیں