خیبر پختونخوا کے وزیر کھیل اور امور نوجوانان سید فخر جہان نے کہا ہے کہ صوبے میں منعقد ہونے والے خیبر پختونخوا گیمز 2025 اپنی نوعیت کا بڑا ایونٹ ہے جس میں مجموعی طور پر صوبہ بھر سے دو ہزار پانچ سو کھلاڑی حصہ لیں گے۔انھوں نے ان کھیلوں کے انعقاد کے حوالے سے جاری تیاریوں پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو تمام تر انتظامات بروقت مکمل کرنے کی ہدایات کی۔ان خیالات کا اظہار انھوں نے اپنے دفتر میں خیبر پختونخوا گیمز 2025 کی تیاریوں کا جائزہ لینے کے حوالے سے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔اجلاس میں سیکریٹری کھیل و امور نوجوانان محمد ضیاالحق اور ایڈیشنل سیکریٹری پیر عبداللہ شاہ کے علاؤہ ڈائریکٹر جنرل سپورٹس عبدالناصرخان ودیگر ڈائریکٹرز اور افسران نے شرکت کی۔اجلاس میں صوبائی وزیر کو اس اہم ایونٹ میں کھیلے جانے والے کھیلوں اور دیگر تفریحی سرگرمیوں و تیاریوں کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔یہ ایونٹ جس میں اب تک کے سب سے بڑے گیمز ہوں گے اور زیادہ تعداد میں کھلاڑی اس میں شرکت کریں گے، 20 فروری سے شروع ہو رہا ہے جس میں مردوں کے17 اور خواتین کی 12 کھیلیں شامل ہیں۔یہ کھیلیں 20 فروری سے 23 فروری تک جارہی رہیں گی جبکہ پہلی دفعہ ان میں ووشو کا کھیل بھی شامل کرایا گیا ہے۔ان کھیلوں میں صوبے کے ساتوں ریجنز سے کھلاڑی شرکت کریں گے جن کے ٹرائلز مکمل ہو چکے ہیں جبکہ بعض کے مکمل ہونے والے ہیں۔بریفنگ کے مطابق یہ کھیلیں مختلف مقامات پر منعقد ہوں گی جن میں خواتین کے مقابلے زیادہ تر بورڈ آف انٹر میڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن پشاور کے گراؤنڈ اور چارسدہ میں منعقد ہوں گے۔اس طرح کھلاڑیوں کیلئے سفری سہولت اور قیام کا بھی بندوبست کیا جائے گا۔ان کھیلوں میں ونر کیلئے ایک لاکھ اور رنر اپ کیلئے 50 ہزار روپے کا انعام دیا جائے گا۔کھیلوں کی رنگا رنگ افتتاحی تقریب پشاور سپورٹس کمپلیکس میں 20 فروری کو منعقد ہوگی جس میں موسیقی،روایتی ڈانس و دیگر تقریبات کے علاؤہ مختلف دستوں کا مارچ پاسٹ ہوگا۔اجلاس میں وزیر کھیل کا کہنا تھا کہ بانی چیرمین عمران خان کے ویژن کے مطابق صوبائی حکومت وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین خان گنڈا پور کی قیادت میں نوجوانوں کو صحت مند کھیلوں کی سرگرمیاں فراہم کرنے کیلئے کوشاں ہے تا کہ وہ اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا سکیں۔انھوں نے کہا کہ ہم نوجوان نسل کیلئے مثبت اور صحت مند سرگرمیوں کے مواقع مہیا کررہے ہیں اور صوبائی حکومت کی جانب سے اس نوعیت کے سب سے بڑے ایونٹ کا انعقاد صوبے کیلئے ایک منفرد اعزاز ہے۔