خیبر پختونخوا کے وزیر کھیل و امور نوجوانان سید فخر جہان نے دورہ بونیر کے دوران پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین و رکن قومی اسمبلی بیرسٹر گوہر علی خان کے ہمراہ ضلع میں زیتون کی شجر کاری کا باضابطہ افتتاح کیا۔دوران افتتاح چیئر مین ڈیڈک بونیر و رکن صوبائی اسمبلی عبدالکبیر خان،تحصیل چیئرمین سید سالار جہان باچہ و دیگر عمایدین و معززین بھی موجود تھے۔اس موقع پر صوبائی وزیر اور چیئر مین پی ٹی آئی کو زرعی تحقیقاتی مرکز ترناب کے سینئر ڈائریکٹر محمد یونس،ضلعی ڈائریکٹر زراعت عدالت خان و دیگر ماہرین نے زیتون کی شجر کاری کے حوالے سے بریفنگ دی اور علاقے میں اس کی اہمیت و افادیت پر روشنی ڈالی۔ صوبائی وزیر اور چیئرمین پی ٹی آئی نے بونیردورے کے دوران ڈگرہسپتال کے تعمیراتی کام کا بھی جائزہ لیا۔دونوں رہنماؤں نے ہسپتال کے جاری کام کا تفصیلی معائنہ کیا اور ہسپتال کی تعمیر کے کام میں تیزی لانے کی ہدایت کی۔انھوں نے کہا کہ اس اہم ہسپتال کے تعمیراتی کام میں معیار کا ہر لحاظ سے خیال رکھا جائے۔صوبائی وزیر نے کہا کہ اس منصوبے کے ذریعے علاقے کے عوام کو صحت کی تمام سہولیات کی مقامی سطح پر فراہمی ممکن ہو سکے گی۔ صوبائی وزیر اور چیئرمین پی ٹی آئی نے دورہ بونیر کے دوران بونیر ہاکی لیگ کی منعقدہ تقریب میں بھی شرکت کی۔انھوں نے ہاکی لیگ کے ونرز اور رنرز ٹیموں کو ٹرافیاں و انعامات سے نوازا۔مزید برآں صوبائی وزیر نے پارٹی چیئرمین کے ہمراہ حلقہ نیابت میں منعقدہ گرینڈ پارٹی کنونشن میں بھی بحیثیت مہمان خصوصی شرکت کی۔کنونشن میں ضلع بھر سے پارٹی کے عہدیداران،ورکرز،یوسی چیئرمین و عمائدین نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔اس موقع پر صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ پاکستان تحریک انصاف ملک میں آئین و قانون کی پاسداری اور انصاف کی فراہمی کیلئے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔صوبائی وزیر کا مزید کہنا تھا کہ پورے ملک میں عوام کا اعتماد پاکستان تحریک انصاف اور بانی پی ٹی آئی کیساتھ ہے۔انھوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کی رہائی اور عدل وانصاف اور حقیقی جمہوریت کی بحالی تک ہماری جدوجہد جاری رہے گی۔