خیبرپختونخوا اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے محکمہ سائنس و ٹیکنالوجی اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کا اجلاس چئیرمین کمیٹی محمد خورشید کی زیر صدارت جمعرات کے روز صوبائی اسمبلی میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں ڈائریکٹوریٹ سائنس و ٹیکنالوجی اور خیبرپختونخوا انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کے اہلکاروں نے شرکت کی۔ اجلاس میں صوبائی اسمبلی کے اراکین نیلوفر بابر اور محمد یامین کے علاوہ محکمہ قانون،ٹیلی کام، ایجوکیشن اور صوبائی اسمبلی کے افسران بھی موجود تھے۔اجلاس کے موقع پر کمیٹی ممبران کو محکمہ کی طرف سے تفصیلی بریفنگ دی گئی اور گزشتہ اجلاس میں کئے گئے فیصلوں کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس سے اپنے خطاب میں چیئرمین سٹینڈنگ کمیٹی برائے سائنس و ٹیکنالوجی اور انفارمیشن ٹیکنالوجی محمد خورشید نے کہا کہ صوبے میں سائنس و انفارمیشن ٹیکنالوجی کی فروغ کے لیے ضروری اقدامات اٹھائیں جائیں اور بچوں کو مصنوعی ذہانت میں مہارت حاصل کرنے کے لئے سنجیدہ اقدامات اٹھا نے کی اشد ضرورت ہے اور تمام محکموں میں شفافیت لانے کے لیے ٹیکنالوجی سے مدد لی جائے،اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ کمیٹی ممبران کی صوبے میں واقع سائنس و انفارمیشن ٹیکنالوجی مراکز کا دورہ کرنے کے لئے خصوصی انتظامات کیے جائیں۔اور صوبے کے دور دراز اضلاع میں انفارمیشن ٹیکنالوجی پارک قائم کئے جائیں تاکہ زیادہ سے زیادہ جوان مستفید ہوسکیں۔ اس موقع پر نیلوفر بابر نے محکمہ سائنس و ٹیکنالوجی اور انفارمیشن ٹیکنالوجی پر زور دیا کہ بچوں کو ڈیجیٹل اکانومی اور فری لانسنگ میں آگاہی اور اس حوالے سے خصوصی تربیت فراہم کرنے میں اپنا بھرپور کردار ادا کرے۔اجلاس کے دوران محکمہ سائنس و ٹیکنالوجی کی طرف سے درپیش مسائل کے حوالے سے کمیٹی کو آگاہ کیا گیا،جس پر قائمہ کمیٹی کے چیئرمین نے محکمہ کے مسائل کو فوری طور پر حل کرنے کی یقین دہانی کرائی اور آئندہ اجلاس کو جلد منعقد کرنے کے احکامات جاری کئے۔