صوبائی حکومت جنگلات کے فروغ اور تحفظ کے لئے عملی اقدامات اٹھارہی ہے، معاون خصوصی برائے جنگلات پیر مصور خان

وزیراعلی خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے جنگلات پیر مصور خان نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت جنگلات کے فروغ اور تحفظ کے لئے ہر ممکن اقدامات اٹھارہی ہے، پورے صوبے میں موسم بہار شجرکاری کے تحت پودے لگائے جارہے ہیں، ضلع ملاکنڈ میں دس لاکھ پودے لگانے کا ہدف مقرر کر رکھا ہے، عوام کے تعاون سے صوبے کو سرسبز و شاداب بنائینگے ان خیالات کا اظہار انھوں نے کوٹ اتمان خیل، ملاکنڈ میں محکمہ جنگلات کی جانب سے ”آشر پلانٹیشن” کے نام سے شجرکاری مہم کے موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر ڈپٹی کمشنر ملاکنڈ حامدالرحمان، اسسٹنٹ کمشنر درگئی، محکمہ جنگلات کے افسران کے علاوہ سرکاری سکولوں کے طلباء اور مقامی لوگ بھی موجود تھے، آشر شجرکاری مہم کے تحت محکمہ جنگلات کے اہلکاروں نے مقامی فلاحی تنظیم ”نوے سحر” سرکار ی سکولوں کے طلباء اور مقامی لوگوں کے ساتھ ملکر مختلف انواع کے تقریباً پانچ ہزار پودوں کی شجرکاری کی جبکہ معاون خصوصی برائے جنگلات پیر مصور خان نے مقامی لوگوں میں پودے بھی تقسیم کئے، معاون خصوصی پیر مصور خان نے شجرکاری مہم کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ صوبائی حکومت بانی چیئرمین عمران خان کے ویژن کے مطابق اور وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کی قیادت میں صوبے میں جنگلات کے فروغ اور تحفظ کے لئے کوشاں ہے، زیادہ سے زیادہ شجرکاری کے ذریعے ہی ہم موسمیاتی تبدیلی کا مقابلہ کر سکتے ہیں، انھوں نے شجرکاری کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے لوگوں کو زیادہ سے زیادہ پودے لگانے کی ترغیب دی تاکہ ایک صحت مند اور سرسبز ماحول کو فروغ دیا جا سکے، ملاکنڈ میں شجرکاری کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انکا کہنا تھا کہ محکمہ جنگلات ملاکنڈ میں مجموعی طور پر دس لاکھ پودوں کی شجرکاری کرے گا، حکومت کے ساتھ ساتھ غیر سرکاری تنظیموں کا شجرکاری مہم میں حصہ لینا قابل تحسین ہے، انھوں نے لوگوں پر زور دیا کہ اپنے گھروں سمیت ہر جگہ پر پودے لگائیں کیونکہ پودے نہ صرف ماحولیاتی تحفظ کے لئے ضروری ہیں بلکہ علاقے کی خوبصورتی میں اضافے کا باعث بھی بنتے ہیں، معاون خصوصی پیر مصور خان کا کہنا تھا کہ سکولوں کے طلباء اور نوجوان حکومت کے ساتھ ملکر صوبے کو سر سبز و شاداب بنانے میں اپنا کلیدی کردار ادا کریں دریں اثناء معاون خصوصی پیر مصور خان نے گورنمنٹ گرلز ہائر سیکنڈری سکول کوٹ کا بھی دورہ کیا جہاں انھوں نے شجرکاری مہم کے تحت پودا لگایا انھوں نے اساتذہ کرام کو ہدایت کی کہ طلبہ میں شجرکاری اور موسمیاتی تبدیلی کے اثرات کے حوالے سے شعور اجاگر کریں۔

مزید پڑھیں