وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی برائے ٹرانسپورٹ رنگیز احمد نے بدھ کے روز موٹر وہیکل ایگزامنر آفس، ویٹس آفس سوات اور ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی ملاکنڈ ڈویژن کا دورہ کیا اس موقع پر محکمہ ٹرانسپورٹ کے موٹر وہیکل ایگزامنر محمد اکرام، ویٹس آفس کے انچارج ڈاکٹر امتیاز احمد اور سیکرٹری ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی ارشد جمیل نے متعلقہ سیکشنز کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی، بریفنگ میں بتایا گیاکہ موٹر وہیکل ایگزامنر آفس سوات نے سال 2024میں 98 فیصد ریوینیو ہدف حاصل کیا ہے جبکہ ویٹس آفس سوات نے سال 2024-25میں ٹوٹل 16090 گاڑیوں کا معائنہ کیا جسمیں 10400 کو فٹنس سرٹیفیکیٹ دی گئی ہے۔ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی برائے ٹرانسپورٹ رنگیز احمد نے سیکرٹری ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی کو ہدایت کی کہ تمام ٹرانسپورٹ اڈوں کو جلد از جلد رجسٹر کرواکر صوبائی حکومت کے ریونیو کو بڑھایا جائے اور اسکے علاوہ جتنے بھی غیر قانونی بس سٹینڈ ز ہیں انکے خلاف قانونی کارروائی کرکے بند کیا جائے۔معاون خصوصی برائے ٹرانسپورٹ رنگیز احمد نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ وہ دس ہزار لائسنس کارڈز ضلع سوات اور ضلع شانگلہ کے دفاتر کو ایشو کرے تاکہ زیر التواء ڈرائیونگ لائسنس کا مسئلہ بروقت حل ہوسکے۔ انھوں نے مزید کہا کہ محکمہ کو مکمل طور پر ڈیجیٹل کیا جا رہا ہے اور اسے جدید خطوط پر استوار کیا جائے گا تاکہ نہ صرف ٹریفک مسائل پر قابو پایا جائے بلکہ عوام کو بہتر سفری سہولیات بھی میسرآسکیں انہوں نے امید ظاہر کی کہ یہ ڈیجیٹائزیشن صوبے کے ریونیو جنریشن میں سنگ میل ثابت ہوگی۔ دریں اثناء معاون خصوصی برائے ٹرانسپورٹ رنگیز احمد نے سوات کے ٹرانسپورٹرز سے ملاقات کی اور انکے مشکلات ومسائل سن کر حل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔بعد ازاں وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی برائے ٹرانسپورٹ رنگیز احمد نے کمشنر ملاکنڈ ڈویژن عابد وزیر سے انکے دفتر میں ملاقات کی اور ان سے محکمہ ٹرانسپورٹ کے ساتھ تعاون اور ٹرانسپورٹ بارے امور پربات چیت کی جس پر کمشنر ملاکنڈ ڈویژن نے تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ اس موقع پر سیکرٹری پراونشل ٹرانسپورٹ اتھارٹی اور محکمہ ٹرانسپورٹ کے ڈپٹی ڈائریکٹر ڈاکٹر طارق عثمان معاون خصوصی برائے ٹرانسپورٹ رنگیز احمدکے ہمراہ تھے۔