صوبائی وزیر برائے لائیو سٹاک، فیشریز و کوآپریٹیو فضل حکیم خان یوسفزئی کی زیرصدارت سالانہ ترقیاتی پروگرام اور نئے منصوبوں کی منصوبہ بندی کے حوالے سے اجلاس کا انعقاد
اجلاس میں مویشی پال کسانوں کی بہتری کے لیے مختلف منصوبوں پر غور
خیبر پختونخوا کے وزیر برائے لائیو سٹاک، فیشریز و کوآپریٹیو فضل حکیم خان یوسفزئی کی زیرصدارت مالی سال2025-26کے لائیو سٹاک، فیشریز و کوآپریٹیو کے سالانہ ترقیاتی پروگرام کا جائزہ اجلاس پشاور میں منعقد ہوا جس میں، ڈائریکٹر جنرل لائیوسٹاک توسیع ڈاکٹر اصل خان، ڈائریکٹر لائیو سٹاک ریسرچ ڈاکٹر اعجاز علی، ڈائریکٹر لائیو سٹاک ریسرچ ڈاکٹر خسرو کلیم، کوآپریٹیو رجسٹرار محمد اسحاق، ڈائریکٹر فشریز اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔اجلاس کے دوران صوبے میں محکمہ لائیو سٹاک توسیع و ریسرچ، فیشریز و کوآپریٹیو کے تحت شروع کئے جانے والے اربوں روپے کے ترقیاتی منصوبوں پر غورخوص کیا گیا۔ لائیو سٹاک کے سالانہ ترقیاتی پروگرام کے تحت منصوبوں میں مرغی کی پیداوار میں اضافے کیلئے پولٹری ہچری کے قیام کا منصوبہ بھی شامل ہے تاکہ ہمارا صوبہ پولٹری کے شعبے میں خودکفیل ہوسکے۔صوبائی وزیر لائیو سٹاک فضل حکیم خان یوسفزئی نے سوات میں چارباغ ریسرچ سٹیشن پر سانین بکریوں پر لائیو سٹاک ریسرچ کی فلیگ شپ سرگرمی کو بہت سراہا اور ہدایت کی کہ ان اعلیٰ پیداوار والی عالمی شہرت یافتہ بکریوں پر تحقیق کا دائرہ مزید وسیع کریں۔ اجلاس میں یونیورسٹی آف وٹرنری اینڈ اینیمل سائنسز کو درپیش مسائل پر بھی تفصیل سے گفتگو ہوئی۔ منصوبے کے حوالے سے محکمہ پی اینڈ ڈی کے مشاہدے پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ صوبائی وزیر فضل حکیم خان یوسفزئی نے پراجیکٹ ڈائریکٹر کو ہدایت کی کہ وہ اس مسئلے کو محکمہ پی اینڈ ڈی کے ساتھ اٹھائیں۔اجلاس میں فیشریز کے حوالے سے بتایا گیا کہ سالانہ ترقیاتی پروگرام میں فیشریز کے چار منصوبے شامل ہیں۔ جسمیں بائیو ڈیؤرسٹی سنٹر، ڈی آئی خان میں فیشریز ہچری کا قیام، ایرا اسکیموں کی تکمیل کے منصوبے شامل ہیں۔صوبائی وزیر نے کوآپریٹیو حکام کو ہدایت کی کہ فرنٹیئر پراونشل کوآپریٹو بینک لمیٹڈ (FPCBL) کو کاشتکار برادری کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے بحال کیا جائے۔ تمام مسائل کو ان کے نوٹس میں لایا جائے تاکہ انہیں بروقت اور موثر طریقے سے حل کیا جا سکے۔ انہوں نے رجسٹرار کوآپریٹیو سوسائٹیز خیبرپختونخوا کو ہدایت کی کہ وہ ایف پی سی بی ایل کی بحالی کے لیے تشکیل دی گئی کمیٹی کے اجلاس کو جلد بلانے کے لیے محکمہ پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ خیبر پختونخوا سے رجوع کریں۔ کرک میں ہنی فلٹریشن پلانٹ کے حوالے سے انہوں نے ہدایت کی کہ ہنی فلٹریشن پلانٹ میں سولر سسٹم کی تنصیب کے لیے عملی اقدامات اٹھائے جائیں۔ تاکہ کاشتکار اپنے کچے شہد کو مقامی علاقے میں کم قیمت پر فلٹر کر سکیں۔ انہوں نے مزید ہدایت کی کہ 2025-26 کے لیے تقریباً 500 ملین روپے کی لاگت سے ایک اے ڈی پی سکیم تجویز کی جائے تاکہ محکمہ کوآپریٹو خیبر پختونخوا کے زیر سایہ کام کرنے والی موجودہ دستکاری سوسائٹیوں کو مضبوط کیا جا سکے۔