اربن ایریا ڈویلپمنٹ اتھارٹیز بورڈ کا دسواں اجلاس وزیر بلدیات، الیکشنز و دیہی ترقی خیبر پختونخواارشد ایوب خان کی زیر صدارت منگل کے روز محکمہ بلدیات کے کمیٹی روم پشاور میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں ممبران صوبائی اسمبلی اکبر ایوب خان، افتخار خان جدون، افتخار علی مشوانی، شفیع جان اور محمد خورشید جبکہ سیکرٹری بلدیات امبر علی خان، ایڈیشنل سیکرٹری بلدیات، محکمہ ہاؤسنگ، محکمہ پی اینڈ ڈی اور محکمہ خزانہ کے نمائندگان اور اربن ایریا ڈویلپمنٹ اتھارٹیز کے ڈائریکٹرز دیگر ممبران اور اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔اجلاس میں مختلف ترقیاتی منصوبوں اور حکومتی پراپرٹی کی نیلامی، کرایہ پر دینے، ان کی خرید وفروخت اور معاوضہ ادا کرکے قبضہ میں دینے کے امور پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔اس موقع پرصوبائی وزیر بلدیات ارشد ایوب خان نے کہا کہ تمام ترقیاتی منصوبوں میں شفافیت کو یقینی بنایا جائے گا اور اس سلسلے میں ضلع کی سطح پر ایک کمیٹی بنائی جائے گی جس میں لوکل ممبر صوبائی اسمبلی، اسسٹنٹ ڈپٹی کمشنر، ضلعی پلاننگ آفیسر، ضلعی فنانس آفیسر اور ضلعی انتظامیہ کے دیگر اعلیٰ ممبران بھی شامل ہونگے۔ یہ کمیٹی ضلعی سطح پر ترقیاتی منصوبوں کی نشاندھی کریگی۔ انہوں نے کہا کہ اربن ایریا ڈویلپمنٹ اتھارٹی میں ترقیاتی منصوبوں کو شامل کرنے کیلئے ضلعی سطح پر بنائی گئی کمیٹی سے پہلے منصوبے کی منظوری ضروری ہے اور اس کمیٹی کے منتخب کردہ منصوبوں کو ہی بورڈ اجلاس میں منظوری کیلئے پیش کیا جائے گا۔صوبائی وزیر بلدیات نے اربن ایریا ڈویلپمنٹ اتھارٹی کوہاٹ میں شروع کرواء گئی جدید اصلاحات کو سراہا اور تمام اربن ایریا ڈویلپمنٹ اتھارٹیز کو ہدایت کی کہ وہ اس سسٹم کو اپنی اتھارٹیز میں بھی شروع کروا ئیں اور اس سے منسلکہ تمام تحصیل میونسپل ایڈمنسٹریشن کو بھی اس سسٹم کے تحت ڈیجیٹائز کروایا جائے تاکہ ریونیو کو زیادہ سے زیادہ بڑھایا جاسکے۔اجلاس میں خیبر پختونخوا اربن ایریا ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے رولز اینڈ ریگولیشنز کو مزید بہتر بنانے کیلئے محکمہ بلدیات، محکمہ ہاؤسنگ، محکمہ خزانہ، محکمہ پلاننگ اینڈ ڈیولپمنٹ اور محکمہ قانون کے اعلیٰ حکام پر مشتمل کمیٹی بنائی گئی جو کہ رولز اینڈ ریگولیشنز میں تبدیلی کی سفارشات ایک ماہ کے اندر اندر بورڈ کے سامنے پیش کرے گی تاکہ اسے مزید قانونی حیثیت دلوانے کیلئے صوبائی کابینہ کے سامنے پیش کیا جاسکے۔