وزیرِ اعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاونِ خصوصی برائے جنگلات، ماحولیات، جنگلی حیات و موسمیاتی تبدیلی پیر مصور خان نے کہا ہے کہ جنگلات کا فروغ ایک بہتر اور پائیدار مستقبل کی ضمانت ہے، صوبے میں جرمن حکومت کے تعاون سے بلین ٹری سپورٹ پراجیکٹ کے تحت 13 اضلاع میں وسیع رقبے پر شجرکاری کی جائے گی۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے جرمن حکومت کے مالی تعاون سے بلین ٹری شجرکاری سپورٹ پروگرام کے تحت آگرہ ملاکنڈ میں شجرکاری کی تکمیل کے بعد وہاں کا دورہ کرنے کے موقع پر کیا، اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر، ڈویژنل فارسٹ آفیسر ملاکنڈ اور ناظمین سمیت علاقے کے لوگ بھی کثیر تعداد میں موجود تھے، معاون خصوصی نے کہا کہ مذکورہ پروگرام کے تحت آگرہ میں 25 ہیکڑز پر مختلف انواع کے 27 ہزار پودوں کی شجرکاری مکمل کی گئی ہے، اس منصوبے کی کامیابی سے ماحول پر اچھے اثرات مرتب ہونگے،پیر مصور خان کا کہنا تھا کہ جرمن حکومت کی جانب سے بلین ٹری سپورٹ پراجیکٹ کے تحت صوبے کے 13 اضلاع میں وسیع رقبے پر شجرکاری کی جائے گی، ملاکنڈ پہلا ضلع ہے جہاں مذکورہ پروگرام کے تحت شجرکاری مکمل کی گئی ہے، انھوں نے کہا کہ جنگلات کے شعبے میں جرمن حکومت کی جانب سے مالی تعاون جنگلات کے فروغ کے حوالے سے بانی پاکستان تحریک انصاف عمران خان کے وژن اور صوبائی حکومت کی اس شعبے میں حاصل کامیابیوں کا اعتراف ہے، انھوں نے درختوں کی اہمیت اورجنگلات کے بقاء پر زور دیتے ہوئے کہا کہ موسم بہار شجرکاری کے لیے موزوں اور بہترین موسم ہوتا ہے اس لیے عوام ماحولیاتی تحفظ اور کاربن جیسی مضر صحت گیسوں کے اثرات کو کم کرنے کے لیے بڑھ چڑھ کر شجرکاری مہم میں حصہ لیں۔