خیبر پختونخوا فوڈ سیفٹی اینڈ حلال فوڈ اتھارٹی کی ٹیم نے انڈسٹریل زون حیات آباد میں اچار بنانے والے یونٹ پر اچانک چھاپہ مار کر تقریباً 25 ہزار کلوگرام ناقص، غیر معیاری اور مضر صحت اچار برآمد کر لیا۔ ترجمان فوڈ اتھارٹی نے تفصیلات جاری کرتے ہوئے بتایاکہ فوڈ سیفٹی ٹیم نے ڈائریکٹر آپریشنز اختر نواز کی نگرانی میں ضلع انتظامیہ کے ہمراہ گزشتہ روز اچار بنانے والی یونٹ پر چھاپہ مارا اور انسپکشن کے دوران برآمد شدہ ناقص اچار موقع پر ضبط کرکے تلف کر دیا گیا جبکہ غیر معیاری پیداوار اور صفائی کی ابتر صورتحال کے باعث فیکٹری کو سیل کر دیا گیا ہے۔ یونٹ کے خلاف فوڈ سیفٹی ایکٹ کے تحت مزید کارروائی کا آغاز بھی کردیا گیا۔ڈائریکٹر جنرل فوڈ اتھارٹی واصف سعید نے کامیاب کارروائی پر فوڈ سیفٹی ٹیم کو سراہتے ہوئے کہاکہ شہریوں کی صحت سے کھیلنے والے عناصر کے خلاف آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا اور کسی کو انسانی جانوں سے کھیلنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔دوسری جانب وزیر خوراک خیبر پختونخوا ظاہر شاہ طورو نے کہا کہ ملاوٹ مافیا جیسے انسان دشمن عناصر کا مکمل صفایا کیا جائے گا تاکہ صوبے کے عوام کو محفوظ اور معیاری خوراک کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔ انہوں نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ ملاوٹ اور غیر معیاری خوراک کے خلاف کریک ڈاؤن مزید سخت کیا جائے تاکہ کسی کو انسانی صحت کے ساتھ کھلواڑ کا موقع نہ ملے۔