ڈپٹی اسپیکر صوبائی اسمبلی ثریا کی زیر صدارت اپر چترال میں نرسنگ کالج کے قیام سے متعلق اجلاس

ڈپٹی اسپیکر خیبر پختونخوا اسمبلی ثریا کی زیر صدارت اپر چترال میں نرسنگ کالج کے قیام اور صحت کے دیگر مسائل کے حوالے سے اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں سیکرٹری صحت شاہداللہ، ڈی جی ہیلتھ سروسز ڈاکٹر سلیم، ڈی جی پی ایچ ایس اے ڈاکٹر وحید، اسپیشل سیکرٹری صحت خیبر پختونخوا حبیب اللہ، چیف پلاننگ آفیسر جاوید، رجسٹرار خیبر میڈیکل یونیورسٹی، ایکسئین سی اینڈ ڈبلیو اور دیگر اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔اجلاس میں اپر چترال میں نرسنگ کالج کے قیام کے مختلف پہلوؤں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا، جس میں کالج کے لیے مناسب جگہ، درکار فنڈنگ، انفراسٹرکچر اور عملے کی تعیناتی جیسے امور زیر بحث آئے۔ ڈپٹی اسپیکر نے اس منصوبے کو علاقے کے عوام کے لیے ایک انقلابی اقدام قرار دیا اور متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ اس پر فوری پیش رفت یقینی بنائی جائے۔سیکرٹری صحت شاہداللہ نے اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ نرسنگ کالج کے قیام سے علاقے میں معیاری نرسنگ تعلیم کو فروغ ملے گا اور مقامی سطح پر تربیت یافتہ طبی عملے کی دستیابی میں بہتری آئے گی۔ ڈی جی ہیلتھ ڈاکٹر سلیم نے کہا کہ یہ منصوبہ نہ صرف اپر چترال بلکہ ملحقہ علاقوں کے لیے بھی ایک سنگ میل ثابت ہوگا۔اسپیشل سیکرٹری صحت حبیب اللہ نے اجلاس میں یقین دہانی کرائی کہ اس منصوبے کو جلد از جلد عملی جامہ پہنایا جائے گا اور تمام تکنیکی و مالی پہلوؤں کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیا جائے گا۔ چیف پلاننگ آفیسر جاوید نے کہا کہ نرسنگ کالج کے قیام کے لیے پی سی ون جلد تیار کیا جائے گا اور درکار فنڈز کی بروقت دستیابی کو یقینی بنایا جائے گا۔ڈپٹی اسپیکر ثریا نے متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ وہ نرسنگ کالج کے قیام کے سلسلے میں اپنی ذمہ داریاں تیز رفتاری سے مکمل کریں تاکہ علاقے کے نوجوانوں کو جلد از جلد معیاری طبی تعلیم فراہم کی جا سکے۔ انہوں نے اس منصوبے کو صحت کے شعبے میں ایک اہم پیش رفت قرار دیا اور امید ظاہر کی کہ اس سے اپر چترال میں صحت کی سہولیات میں نمایاں بہتری آئے گی۔

مزید پڑھیں