خیبر پختونخوا فوڈ اتھارٹی کی رمضان المبارک میں ملاوٹ مافیا کے خلاف بڑی کارروائیاں،

خیبر پختونخوا فوڈ اتھارٹی کی رمضان المبارک میں ملاوٹ مافیا کے خلاف بڑی کارروائیاں، تین بیکری شاپس اور ایک قصائی کی دوکان سیل، بڑی مقدار میں غیر معیاری جوس تلف،جعلی مصالحہ جات کی بڑی کھیپ بھی تحویل میں لی گئی، فوڈ اتھارٹی

صوبائی وزیر خوراک ظاہر شاہ طورو کی خصوصی ہدایات پرخیبر پختونخوا فوڈ سیفٹی اینڈ حلال فوڈ اتھارٹی نے رمضان المبارک کے دوران غیر معیاری اور مضر صحت خوراک کی فروخت کے خلاف کریک ڈاؤن جاری رکھتے ہوئے گزشتہ روز مردان، چارسدہ،خیبر اور سوات میں کارروائیوں کے دوران غیر معیاری جوس، چائنہ سالٹ، مس برانڈڈ مصالحہ جات ضبط جبکہ بیکری یونٹس اور گودام سیل کر دیے گئے۔ترجمان فوڈ اتھارٹی فوڈ اتھارٹی نے تفصیلات جاری کرتے ہوئے کہا فوڈ سیفٹی ٹیموں نے چارسدہ، خیبر، سوات اور مردان میں متعدد کارروائیاں کیں۔ فوڈ سیفٹی ٹیم نے چارسدہ کے رجڑ بازار میں ضلعی انتظامیہ کے ہمراہ کارروائی کرتے ہوئے ناقص صفائی پر تین بیکری یونٹس کو سیل کر دیا گیا۔اسی طرح مردان میں فوڈ انسپکشن ٹیم نے خفیہ اطلاع ملنے پر جوس بنانے والے ایک یونٹ پر چھاپہ مارا، جہاں 650 لیٹر غیر معیاری جوس برآمد ہونے پر موقع پر تلف کیا گیا جبکہ 550 لیٹر پیک شدہ جوس ضبط کر کے یونٹ سیل کر دیا گیا۔ اسی شہر میں کارروائی کرتے ہوئے 15 کلو چائنہ سالٹ بھی برآمد کر لیا گیا۔مزید تفصیلات کے مطابق سوات ٹیم نے بھی ایئرپورٹ روڈ پرکارروائی کے دوران ایک گودام سے 900 کلو گرام سے زائد مس لیبل مصالحہ جات ضبط کیے، جبکہ گودام کو سیل کر دیا گیا۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ ضلع خیبر میں بھی فوڈ سیفٹی ٹیم نے ضلع انتظامیہ کیساتھ مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے باڑہ بازار میں گھی ملز کے معائنے کیے اور ایک گودام سے مس لیبل گھی پکڑ کر گودام کو سربمہر کر دیا گیا۔ غیر معیاری گوشت کی فروخت پر ایک قصائی کی دکان کو بھی سیل کر دیا گیا مزید تفصیلات کے مطابق مالکان پر بھاری جرمانے عائد کرکے مزید قانونی کارروائی کا بھی آغاز کردیا گیا۔ڈائریکٹر جنرل فوڈ سیفٹی اتھارٹی واصف سعید کا کہنا تھا کہ شہریوں کی صحت کے ساتھ کھلواڑ کسی صورت قابل قبول نہیں۔ وزیر خوراک ظاہر شاہ طورو نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ ملاوٹ شدہ اور غیر معیاری خوراک فروخت کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے اور کسی کو کوئی رعایت نہ دی جائے۔

مزید پڑھیں