خیبرپختونخوا کے صوبائی وزیر برائے پبلک ہیلتھ انجینئرنگ، پختون یار خان نے کہا ہے

خیبرپختونخوا کے صوبائی وزیر برائے پبلک ہیلتھ انجینئرنگ، پختون یار خان نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا حکومت کی جانب سے ضلع بنوں کے مختلف علاقوں میں ترقیاتی کاموں کا آغاز کر دیا گیا ہے انہوں نے انتخابات کے دوران عوام سے جتنے وعدے کئے تھے وہ ایک ایک کرکے پورے کر رہے ہیں ان کے مطابق حلقہ پی کے 100 میں سڑکوں اور گلیوں کی ازسرنو تعمیر جبکہ صاف پانی کی فراہمی کے منصوبوں پر بھی تیزی سے کام جاری ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے بنوں میں ایک افطار ڈنر میں شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہا کہ ان کی حکومت نے جنوبی اضلاع کے عوام کو موٹر وے کی شکل میں ایک بڑا تحفہ دیا ہے جس پر جلد کام شروع ہونے والا ہے صوبائی حکومت نے اس منصوبے کیلئے اراضی کی خریداری کیلئے 2 ارب روپے جاری کئے ہیں صوبائی وزیر نے اس موٹر وے کو جنوبی اضلاع کی ترقی کا ضامن قرار دیا ہے انہوں نے مزید کہا کہ خیبرپختونخوا کے وزیر اعلیٰ علی امین گنڈا پور کے رمضان پیکج کے تحت بنوں میں ہر خاندان کو 10،000 روپے دیئے جائیں گے اور یہ سلسلہ کل یا پرسوں سے شروع ہو جائے گا انہوں نے الزام لگایا کہ نگران حکومت نے خیبرپختونخوا کا خزانہ خالی چھوڑا تھا اور جب ان کی حکومت آئی تو خزانے میں ملازمین کی تنخواہوں کیلئے بھی رقم موجود نہیں تھی تاہم ان کی حکومت نے خیبرپختونخوا کے قرضے ادا کئے ہیں اور ملازمین کو بروقت تنخواہیں دی جا رہی ہیں انہوں نے کہا کہ وہ امن و امان کے قیام کیلئے مشترکہ جدوجہد کے خواہاں ہیں کیونکہ یہ کسی فرد واحد کا نہیں بلکہ ہم سب کا مشترکہ مسئلہ ہے جس کے حل کیلئے ہم سب کو یکجا ہونا ہوگا ان کے بقول خیبرپختونخوا حکومت امن و امان کے قیام کیلئے بھرپور کوششیں کر رہی ہے اور وہ اپنے دورِ اقتدار میں خیبرپختونخوا بالخصوص بنوں کی تمام محرومیوں کا ازالہ کریں گے انہوں نے کہا کہ یہ وقت تنقید کا نہیں بلکہ ایک دوسرے کو حوصلہ دینے کا ہے۔

مزید پڑھیں