خیبر پختونخوا کے وزیرسماجی بہبود سید قاسم علی شاہ نے طلبہ کو تاکید کی ہے کہ

خیبر پختونخوا کے وزیرسماجی بہبود سید قاسم علی شاہ نے طلبہ کو تاکید کی ہے کہ وہ بہتر تعلیم کے حصول کے ساتھ ساتھ آنے والے چیلنجز سے بخوبی نمٹنے کے لئے بھر پور محنت کریں کیوں کہ وہ مستقبل کے معمار ہیں اور انہوں نے ملک و قوم کی ترقی میں نمایا کردار ادا کرنا ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے سینٹ میری ہائی سکول پشاور میں سالانہ تقریب تقسیم انعامات کی تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے فوکل پرسن برائے اقلیتی امور وزیر زادہ بھی ان کے ہمراہ تھے۔صوبائی وزیر نے کہا کہ سینٹ میری ہائی سکول جیسے تعلیمی ادارے معیاری تعلیم کے فروغ میں نمایاں کردار ادا کر رہے ہیں اور حکومت ایسے اداروں کی نہ صرف حوصلہ افزائی کر رہی ہے بلکہ ان کے کردار کو بھی قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔ سید قاسم علی شاہ نے کہا کہ موجودہ حکومت کی زیادہ توجہ تعلیم کے شعبہ پر مرکوز ہے جس کے لئے سالانہ بجٹ میں تعلیم کے لئے خطیر رقوم مختص کی ہیں۔ بانی پی ٹی آئی کا وژن ہے کہ نوجوانوں پر زیادہ سے زیادہ انوسٹ منٹ کی جائے اوروزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین خان گنڈا پور کی قیادت میں موجودہ حکومت صوبے کے نوجوانوں کو زیور تعلیم سے آراستہ کرنے کے لئے تمام تر اقدامات اٹھا رہی ہے۔انہوں نے سینٹ میری ہائی سکول کے طلبہ کی شاندار کارکردگی کو سراہا اور انہیں انعامات سے بھی نوازا۔

مزید پڑھیں