ڈیرہ جات، محکمہ سیاحت، ثقافت،آثار قدیمہ اور عجائب گھر خیبرپختونخوا کے معلوماتی ڈیسک پر سیاحوں کی کثیر تعداد میں آمد

ڈیرہ اسماعیل خان کے تاریخی مقامات کافر کوٹ مندر اور رحمان ڈھیری آثارقدیمہ کے تاریخی و معلوماتی دورے 12 اور 13 اپریل کو کرائے جائیں گے، جس کیلئے رجسٹریشن کا سلسلہ جاری ہے

وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کے مشیر برائے سیاحت و ثقافت زاہد چن زیب نے کہا ہے کہ ڈیرہ جات نہ صرف مقامی ثقافت اور روایات کو اجاگر کرتا ہے بلکہ یہ سیاحت کے فروغ میں بھی اہم کردار ادا کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا حکومت ایسے میلوں اور سرگرمیوں کے ذریعے دنیا کو ایک مثبت پیغام دینا چاہتی ہے کہ ہمارا صوبہ امن، ثقافت اور سیاحت سے بھرپور ہے۔زاہد چن زیب کی ہدایت پر خیبرپختونخوا کے محکمہ سیاحت، ثقافت،آثارقدیمہ و عجائب گھر کی جانب سے ڈیرہ اسماعیل خان میں جاری ڈیرہ جات میں آنے والے سیاحوں اور مہمانوں کیلئے سجائے گئے معلوماتی ڈیسک سے نہ صرف معلومات کی فراہمی کا سلسلہ جاری ہے بلکہ ساتھ ہی انہیں 12 اور 13 اپریل کو کافر کوٹ مندر اور رحمان ڈھیری آثارقدیمہ کے تاریخی مقامات کی سیر و تفریح بھی کرائی جائے گی، جس کی رجسٹریشن کا عمل جاری ہے۔ محکمہ سیاحت، ثقافت،آثار قدیمہ اور عجائب گھر کے انفارمیشن ڈیسک پر ڈپٹی منیجر سعید خان اور ان کے ہمراہ اسسٹنٹ کیوریٹر مہران اشرف معلومات فراہم کر رہے ہیں۔ محکمہ سیاحت، ثقافت،آثار قدیمہ اور عجائب گھرکے ڈیسک سے مہمانوں کو خیبرپختونخوا کے سیاحتی مقامات، ان میں کیے جانے والے اقدامات، پراجیکٹس اور آنے والے دنوں میں نئے منصوبوں سے متعلق آگاہی فراہم کی جارہی ہے، جبکہ ساتھ ہی ملاکنڈ اور ہزارہ ڈویژن پر بنائے گئے تھری ڈی نقشہ جات اور مختلف معلوماتی براؤشرز بھی فراہم کی جا رہی ہیں۔محکمہ آثارقدیمہ کی جانب سے سیاحوں کیلئے دو مختلف مقامات، کافر کوٹ اور رحمان ڈھیری کے دورے کیلئے رجسٹریشن کی جارہی ہے۔ کافر کوٹ مندر قدیم ہندو مندر ہے جو کہ ”کافر کوٹ شمال” اور ”کافر کوٹ جنوب” کے نام سے جانا جاتا ہے۔ یہ قدیم مندر تقریباً 2000 سال پرانا ہے اور یہ دو مختلف قلعوں کے اندر واقع ہے جو ایک دوسرے سے تقریباً 35 کلومیٹر کے فاصلے پر ہیں۔ رحمان ڈھیری آثارقدیمہ، جو ڈیرہ اسماعیل خان میں واقع ہے، جنوبی ایشیاء کے قدیم ترین شہری مراکز میں سے ایک ہے، جس کی تاریخ 3300 قبل مسیح سے 1900 قبل مسیح تک جانا جاتاہے۔

مزید پڑھیں