عملے اور متعلقہ اہلکاروں کو ادویات اور ویکسینز کی خریداری اور تقسیم میں شفافیت اور میرٹ کو یقینی بنا نے کی ہدایت
صوبائی حکومت لائیو سٹاک کی ترقی کو خصوصی ترجیح دے رہی ہے کیونکہ یہ غذائی تحفظ اور برآمدات کو بڑھانے میں کلیدی کردار ادا کرتا ہے
خیبر پختونخوا کے وزیر لائیو سٹاک، فشریز اور کوآپریٹو فضل حکیم یوسفزئی نے جمعرات کے روز ورسک روڈ پشاورپر لائیو سٹاک ضم اضلاع کے مال مویشیوں کے لئے قائم سٹور پر ادویات و ویکسین کی دستیابی کا معائنہ کرنے کے لئے اچانک دورہ کیا۔ اس موقع پرانہوں نے ادویات اور ویکسینز کی مقدار،تقسیم کے طریقہ کار اور معیارات کا جائزہ لیا۔ صوبائی وزیر لائیو سٹاک نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سٹور کے عملے اور متعلقہ اہلکاروں کو ہدایت کی کہ ادویات اور ویکسینز کی خریداری اور تقسیم کے تمام مراحل میں شفافیت اور میرٹ کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ کسی بھی قسم کی غفلت، بدعنوانی، یا معیارپر سمجھوتہ کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔ صوبائی وزیر نے مصنوعی نسل کشی کے لیے درآمد کردہ ویکسین کی جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے ذخیرہ کرنے کے طریقہ کار پر توجہ دلاتے ہوئے کہا کہ اسے مناسب درجہ حرارت پر رکھا جائے اور اس کی تقسیم شفاف انداز میں مویشی پال کسانوں میں بروقت یقینی بنائی جائے۔انہوں نے کہا کہ لائیو سٹاک کے شعبے کاصوبے کی معیشت میں اہم کردار ہے۔ دیہی علاقوں میں لاکھوں خاندانوں کی روزی روٹی لائیو سٹاک سے جڑی ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت اس شعبے کی ترقی اور مویشیوں کی صحت و افزائش نسل کو ترجیح دے رہی ہے کیونکہ یہ غذائی تحفظ اور برآمدات کو بڑھانے میں کلیدی کردار ادا کرتا ہے۔بریفنگ کے دوران ڈائریکٹر لائیوسٹاک ڈاکٹر وحید اللہ وزیر، پراجیکٹ ڈائریکٹر ڈاکٹر سجاد وزیر بھی موجود تھے۔اس موقع پر صوبائی وزیر لائیو سٹاک فضل حکیم یوسفزئی کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ مصنوعی نسل کشی کے جدید ٹیکوں کی درآمد کی بدولت اچھی نسل کی گائے اور بھینسوں کی نسل میں اضافہ ہوا ہے اور دودھ کی پیداوار میں بھی خاطر خواہ بہتری آئی ہے۔