فارسٹ ڈویلپمنٹ کارپوریشن کو ایک منافع بخش ادارہ بنایا جائے گا، پیر مصور خان
وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے جنگلات، ماحولیات، جنگلی حیات و موسمیاتی تبدیلی پیر مصور خان نے کہا ہے کہ چکدرہ فارسٹ ڈپو میں پڑی لکڑیوں کی نیلامی سے نہ صرف حکومت کو منافع حاصل ہوگا بلکہ لوگوں کو روزگار کے مواقع بھی میسر آئینگے،وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کی قیادت میں فارسٹ ڈویلپمنٹ کارپوریشن کو ایک منافع بخش ادارہ بنایا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے فارسٹ ڈویلپمنٹ کارپوریشن کے دورے کے موقع پر بریفنگ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر منیجنگ ڈائریکٹر ریحان گل خٹک سمیت دیگر افسران بھی موجود تھے، اجلاس میں معاون خصوصی برائے جنگلات کو ایم ڈی ریحان گل خٹک نے ادارے کے مقاصد، کارکردگی، درختوں کی کٹائی کے لیے سائنٹیفک منیجمنٹ، ونڈ فال پالیسی اور چکدرہ فارسٹ ڈپو میں پڑی لکڑیوں کی نیلامی کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی، بریفنگ میں معاون خصوصی کو بتایا گیا کہ چکدرہ فارسٹ ڈپو میں تقریباً 2 لاکھ 39 ہزار سی ایف ٹی لکڑیوں کی نیلامی کے لئے سمری تیار ہوچکی ہے، پیر مصور خان نے اجلاس میں کہا کہ فارسٹ ڈویلپمنٹ کارپوریشن کو ایک منافع بخش ادارہ بنایا جائے گا۔ انھوں نے فارسٹ ڈویلپمنٹ کارپوریشن کی کمرشل اراضی کی تفصیلات بھی طلب کیں اور کہا کہ کمرشل اراضی کو مؤثر طریقے سے استعمال میں لا کر حکومت کو منافع حاصل ہو سکے گا، فارسٹ ڈویلپمنٹ کارپوریشن کے رہائشی کوارٹرز کے حوالے سے پیر مصور خان نے سختی سے ہدایت کی کہ رہائشی کوارٹرز میں رہائش پذیر غیر متعلقہ افراد کو نکالنے کے لیے فوری نوٹسز جاری کریں، معاون خصوصی نے افسران کو فیلڈ میں نکلنے اور دفتر میں فائل ٹریکنگ سسٹم کے نفاذ کے لئے بھی سخت ہدایات جاری کیں،اجلاس میں صوبے میں ہر قسم کی درختوں کی کٹائی صرف فارسٹ ڈویلپمنٹ کارپوریشن کے ذریعے ہی کرنے کے حوالے سے تفصیلی بات چیت کی گئی، بعد ازاں معاون خصوصی کے ساتھ ایمپلائیز یونین کے نمائندوں نے بھی ملاقات کی اور انھیں اپنے مطالبات پیش کئے، پیر مصور خان نے یونین نمائندوں کو انکے تمام مطالبات ترجیحی بنیادوں پر حل کرانے کی یقین دہانی کرائی۔