خیبرپختونخوا اسمبلی کی سٹینڈنگ کمیٹی برائے فنانس کا اجلاس چیئرمین کمیٹی و رکن صوبائی اسمبلی ارباب محمد عثمان خان کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میں ممبران صوبائی اسمبلی اورنگزیب خان، اشفاق احمد، محمد خورشید، تاج محمد، منیر حسین لغمانی، شیر علی آفریدی، میاں شرافت علی اور انور زیب خان نے شرکت کی۔اجلاس کے دوران محکمہ خزانہ کی کارکردگی اور آئندہ مالی سال کے سالانہ بجٹ پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اراکین کمیٹی کو سالانہ ترقیاتی پروگرام (ADP) سے متعلق بھی آگاہ کیا گیا اور اس پر بحث کی گئی۔اجلاس میں اس امر پر زور دیا گیا کہ ترقیاتی پروگرام اراکین اسمبلی کی مشاورت سے ترتیب دیا جائے تاکہ فنڈز کی منصفانہ تقسیم کو یقینی بنایا جا سکے۔ چیئرمین کمیٹی ارباب محمد عثمان نے کہا کہ ترقیاتی فنڈز سکیموں کی ضرورت کے تحت فراہم کیے جائیں تاکہ عوامی مسائل کا حقیقی معنوں میں حل ممکن ہو۔علاوہ ازیں گلیات ڈیویلپمنٹ اتھارٹی، پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ اور جاری ترقیاتی سکیموں کا بھی جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں مختلف جاری ترقیاتی کاموں اور ان کے حوالے سے جاری کردہ فنڈز کے بارے میں بھی کمیٹی کو آگاہ کیا گیا۔ چیئرمین سٹینڈنگ کمیٹی برائے فائنانس نے ہدایت جاری کی کہ عوام کے پیسے کو صحیح سمت میں لگانا ہے اور کرپشن کے لیے زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل پیرا ہونا ہے۔ اجلاس میں ضلع بٹگرام کی مختلف سکیموں پر بھی تفصیلی غور کیا گیا۔