معاون خصوصی برائے صنعت عبد الکریم تورڈھیر کا خیبرپختونخوا اکنامک زونز ڈویلپمنٹ اینڈ مینجمنٹ کمپنی کے زیر تعمیر ہیڈ آفس کا دورہ

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے صنعت عبد الکریم تورڈھیر نے پیر کے روز حیات آباد پشاور میں خیبرپختونخوا اکنامک زونز ڈویلپمنٹ اینڈ مینجمنٹ کمپنی (KPEZDMC) کے زیر تعمیر ہیڈ آفس کا دورہ کیا،کمپنی کا نیا کثیر المنزلہ عمارت تکمیل کے آخری مراحل میں ہے جو صوبے میں صنعتی شعبے کے حوالے سے بنیادی ڈھانچے کی بہتری کے لیے حکومت کی سنجیدگی کا مظہر ہے۔دورے کے دوران معاون خصوصی کے ہمراہ کے پی ایزیڈمک کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر عادل صلاح الدین اور سینئر انتظامی ٹیم بھی موجود تھی۔ انہوں نے عمارت کا مکمل معائنہ کیا اور اس کی اہم خصوصیات کا جائزہ لیا۔نئے ہیڈ آفس میں گراؤنڈ فلور، پانچ بالائی منزلیں اور دو منزلہ بیسمنٹ شامل ہیں۔ یہ عمارت کمپنی کی بڑھتی ہوئی سرگرمیوں کو مدنظر رکھتے ہوئے جدید طرز پر تعمیر کی جا رہی ہے جس میں اعلیٰ معیار کے میٹنگ رومز اور دیگر ضروری سہولیات فراہم کی گئی ہیں تاکہ انتظامی کارکردگی میں بہتری لائی جا سکے۔عمارت میں توانائی کی ضروریات کے لیے سولر انرجی کی سہولت فراہم کی گئی ہے جبکہ معذور افراد کی آسانی کے لیے علیحدہ ریمپ بھی بنایا گیا ہے تاکہ ہر فرد کی اس کو رسائی حاصل ہو سکے۔علاوہ ازیں، عمارت کی بالائی دو منزلیں نجی شعبے کو کرائے پر دینے کے لیے مختص کی گئی ہیں تاکہ نجی شعبے کی شمولیت کو فروغ دیا جا سکے اور دستیاب جگہ کا بہترین استعمال ممکن ہو۔منصوبے کی پیش رفت کو سراہتے ہوئے عبد الکریم تورڈھیر نے کہا کہ کمپنی کا نیا ہیڈ آفس حکومت کی جدید صنعتی ڈھانچے کی فراہمی کے عزم کا عملی اظہار ہے۔ انہوں نے کہا کہ ادارے کی انتظامیہ نے اس منصوبے کو بروقت مکمل کرنے میں شاندار کارکردگی دکھائی ہے، خاص طور پر توانائی سے مؤثر حل اور جدید سہولیات کو شامل کر کے جو سروس ڈیلیوری کو مزید بہتر بنائیں گی۔انہوں نے مزید کہا کہ یہ عمارت کمپنی کے صوبائی صنعتی ترقی میں کردار کو مزید مضبوط کرے گی۔یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ یہ عمارت اپنے تکمیلی مراحل میں داخل ہو چکی ہے اور اسکا جلد افتتاح متوقع ہے۔ اس کے فعال ہونے کے بعد یہ دفتر کمپنی کی تمام سرگرمیوں کا مرکز بنے گا، سرمایہ کاروں کے لیے سہولت کاری میں بہتری آئے گی اور صنعتی زونز کی ترقی کو نئی رفتار ملے گی۔کے پی ایزڈمک صوبے میں صنعتی ترقی کے فروغ کے مشن پر گامزن ہے، اور یہ نیا ہیڈ آفس اس سمت میں ایک اہم قدم ہے۔

مزید پڑھیں