اسمبلی ملازمین کی ڈگریوں کی ویری فیکیشن کے سلسلے میں گرینڈ اجلاس – شفافیت، میرٹ اور احتساب کو یقینی بنایا جائے گا: سپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی بابر سلیم سواتی

خیبرپختونخوا اسمبلی سیکریٹریٹ میں تعینات تمام ملازمین کی تعلیمی اسناد کی تصدیق کا عمل عملی طور پر شروع ہو چکا ہے۔ اس سلسلے میں سپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی بابر سلیم سواتی کی دعوت پر آج ایک اہم گرینڈ اجلاس کا انعقاد کیا گیا، جس میں صوبے کی تمام یونیورسٹیوں کے وائس چانسلرز اور تعلیمی بورڈز کے چیئرمینز نے شرکت کی۔ اجلاس میں قائد حزب اختلاف ڈاکٹر عباد اللہ، رکن اسمبلی سجاد اللہ خان، سپیشل سیکرٹری اسمبلی سید وقار شاہ اور دیگر متعلقہ افسران بھی شریک تھے۔اس موقع پر اسپیکر بابر سلیم سواتی نے کہا کہ تمام جامعات اور تعلیمی بورڈز کے سربراہان کو اس اجلاس میں مدعو کرنے کا بنیادی مقصد یہ ہے کہ خیبرپختونخوا اسمبلی کے ملازمین کی تعلیمی اسناد براہ راست ان اداروں کے ذمہ داران کے حوالے کی جائیں تاکہ کسی قسم کی جعل سازی، ٹیمپرنگ یا بیک ڈور ڈیل کی کوئی گنجائش باقی نہ رہے۔ ہم چاہتے ہیں کہ یہ پورا عمل ان جامعات اور بورڈز کے سربراہان کی براہ راست نگرانی اور ذمہ داری میں ہو تاکہ ہر مرحلے پر شفافیت، غیر جانبداری اور اعتماد یقینی بنایا جا سکے۔انہوں نے کہا کہ آج کا اجلاس اس عمل کا دوسرا اور اہم مرحلہ ہے۔ اس سے قبل صرف پشاور یونیورسٹی کے وائس چانسلر اور چئیرمین پشاور بورڈ کو مدعو کیا گیا تھا اور ابتدائی اسناد ان کے حوالے کی گئی تھیں، جبکہ آج کی گرینڈ میٹنگ میں صوبے کی تمام جامعات اور بورڈز کے سربراہان شریک تھے۔سپیکر نے کہا کہ خیبرپختونخوا اسمبلی کو ایک شفاف، میرٹ پر مبنی اور قابلِ اعتماد ادارہ بنایا جا رہا ہے، جہاں جعلی اسناد کے حامل افراد کے لیے کوئی جگہ نہیں۔ یہ قدم ادارہ جاتی اصلاحات، احتساب اور شفافیت کے ویژن کا حصہ ہے تاکہ صرف قابل اور دیانتدار افراد ہی عوامی خدمت کے اس اہم ادارے کا حصہ بن سکیں۔انہوں نے مزید کہا کہ ہم اسمبلی کو حکومت و اپوزیشن سے بالاتر ہو کر چلا رہے ہیں، اور جمہوری اصولوں کے مطابق اپوزیشن کو ہر اہم فیصلے میں شامل کیا جاتا ہے۔ پارٹی وابستگیوں سے قطع نظر ہم سب عوام کی خدمت کے لیے یہاں موجود ہیں۔ ہمارے قائد عمران خان نے بھی ہمیشہ جمہوریت کے فروغ اور اداروں کے استحکام پر زور دیا ہے۔سپیکر بابر سلیم سواتی نے اس موقع پر اس عزم کا بھی اظہار کیا کہ خیبرپختونخوا اسمبلی کو دیگر اداروں کے لیے ایک ماڈل اور مثالی سیکریٹریٹ بنایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں اسمبلی سیکریٹریٹ نے مختلف جامعات کے ساتھ مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کیے، جن کے تحت طلبہ کو اسمبلی کے دورے کرائے گئے، اجلاس دکھائے گئے اور قانون سازی کے عمل سے روشناس کرایا گیا۔ اب اسمبلی کی ویب سائٹ پر ”پبلک فیڈبیک” کا فیچر بھی متعارف کرایا جا رہا ہے تاکہ قانون سازی میں عوام کی براہ راست شمولیت ممکن ہو سکے۔انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا اسمبلی ایک عوامی ادارہ ہے جہاں عوامی مفاد کے ہر معاملے میں شفافیت اور دیانتداری اولین ترجیح ہے، اور یہی معیار ہم ہر سطح پر نافذ کرنے کے لیے پرعزم ہیں

مزید پڑھیں