وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی برائے صنعت عبد الکریم تورڈھیر نے بدھ کے روز ضلع ایبٹ آباد کا دورہ کیا جہاں پر انھوں نے سمال انڈسٹریل اسٹیٹ حویلیاں ایبٹ آباد ٹو کیلئے نئے مختص فیڈر سے بجلی فراہمی کا افتتاح کیا۔انھوں نے بٹن دبا کر کھولیاں بالا گرڈ اسٹیشن سے انڈسٹریل اسٹیٹ فیڈر کو باقاعدہ انرجائز کیا۔اس موقع پر متعلقہ محکموں اور اداروں کے نمائندوں سمیت مقامی معززین اورکاروباری حضرات بھی موجود تھے۔ معاون خصوصی نے اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ آج ہزارہ کی تاریخ میں اہم ترین دن ہے کیونکہ اس منصوبے کے ذریعے انڈسٹریل اسٹیٹ کوبلا تعطل بجلی فراہم ہوگی اور اس سے مقامی صنعتوں کا پہیہ چلے گا۔انھوں نے کہا کہ ملک کی ترقی کے لیے توانائی انتہائی اہم ہے اور ہم صوبے میں صنعتی ترقی کیلئے ہر پہلو سے اقدامات اٹھا رہے ہیں۔معاون خصوصی کا مزید کہنا تھا کہ سمال انڈسٹریل اسٹیٹ حویلیاں ایبٹ آباد ٹو علاقے کی ترقی میں اہم کردار ادا کرے گا اور اس صنعتی بستی سے 20 سے 25 ہزار روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔ان کا کہنا تھا کہ سمال انڈسٹریل اسٹیٹ 2 حویلیاں ایبٹ آباد تحریک انصاف کی حکومت کا ہزارہ ڈویژن کی عوام کے لیے تحفہ ہے اور اس کے مکمل فعال ہونے سے علاقہ ترقی کی نئی منازل طے کرے گا۔انھوں نے کہا کہ یہاں کے صاحب حیثیت افراد انڈسٹریل اسٹیٹ میں صنعتیں لگائیں اور نجی شعبہ روزگار کے مواقع پیدا کرنے میں حکومت کا ساتھ دے۔ معاون خصوصی کا مزید کہنا تھا کہ سمال انڈسٹریل اسٹیٹ حویلیاں ایبٹ آباد 2 کا باقاعدہ افتتاح وزیراعلی خیبرپختونخوا علی امین خان گنڈاپور خود کریں گے۔ انکا کہنا تھا کہ حویلیاں تاریخی اعتبار سے ہزارہ کا مشہور جگہ ہے اور اس سے یہ علاقہ مزید ترقی کرے گا۔ دورے کے دوران پارٹی کارکنان کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے معاون خصوصی نے کہا کہ عوام عمران خان کے ساتھ کھڑے ہیں اور رہیں گے۔انھوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ ملک میں آئین و قانون کا بول بالا ہو۔معاون خصوصی نے کہا کہ ہم عمران خان اور دیگر تحریک انصاف کے اسیروں کی رہائی کے لیے کوشاں ہیں۔انھوں نے کہا کہ عمران خان نے ہمیشہ رول آف لاء کی بات کی ہے۔انکا مزید کہنا تھا کہ ہزارہ قدرتی معدنیات سے مالا مال ہے جو یہاں کی ترقی کا زینہ ہے۔انھوں نے تاجر برادری سے اپیل کی کہ وہ آگے آئے اور مقامی صنعتی بستی میں صنعت لگانے کے مواقع سے فائدہ اٹھائے۔ انھوں نے کاروباری حضرات سے کہا کہ وہ انڈسٹری لگا کر را میڑیل کی جگہ فائن پراڈکٹ بیچیں۔ معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ ہزارہ سرمایہ کاری کیلئے موزوں مقام ہے اور یہاں پورے ملک سے سرمایہ دار اور صنعت کار آئیں گے۔دورے کے دوران مقامی تاجروں نے معاون خصوصی کی توجہ حویلیاں میں ڈرائی پورٹ کے قیام کے حوالے سے بھی مبذول کرائی اور انھیں بتایا کہ اس کیلئے گزشتہ ادوار میں اراضی بھی حاصل کی گئی تھی اور اگر یہاں پر فروٹ اینڈ ویجی ٹیبل منڈی ا جائے تو علاقہ ترقی کرے گا۔معاون خصوصی نے مائنز اینڈ منرل بل 2025 کے حوالے سے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ یہ بل صوبائی اسمبلی میں ہے اور یہ انشاللہ صوبے کیلئے خوشحالی کی نوید ثابت ہوگا۔انھوں نے کہا کہ ہم صوبے کے وسائل میں کسی کی مداخلت نہیں مانتے اور اپنے وسائل کا تحفظ بھی کریں گے۔