ڈائریکٹوریٹ جنرل اطلاعات و تعلقاتِ عامہ خیبر پختونخواکے شعبہ اشتہارات میں پرانے مالی و دفتری ریکارڈ کو جدید ڈیجیٹل نظام (IAMS)-Integrated Advertisement Management System) میں کامیابی سے منتقل کرنے پر ایک خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں متعلقہ افسران و ملازمین کو ان کی انتھک محنت، ٹیم ورک اور قابلِ ستائش پیشہ ورانہ خدمات کے اعتراف میں تعریفی اسناد سے نوازا گیا۔
تقریب میں ڈائریکٹر جنرل اطلاعات و تعلقات عامہ سلیم خان، ڈائریکٹر ریکوری اینڈ ری کانسیلیئیشن لیاقت امین،ڈائریکٹر ایڈمنسٹریشن ابن امین،ڈپٹی ڈائریکٹرز، اسسٹنٹ ڈائریکٹرز سمیت دیگر افسران و عملہ نے شرکت کی۔تقریب سے اپنے خطاب میں ڈائریکٹر جنرل اطلاعات سلیم خان نے متعلقہ افسران اور ملازمین کی کاوشوں کو سراہا۔ اُنہوں نے کہا کہ اس طرح کے اقدامات صرف ادارے کے اندرونی نظام کو ہی جدید نہیں بناتے بلکہ عوام کو بہتر اور شفاف معلومات کی فراہمی کو بھی ممکن بناتے ہیں۔ اُن کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا حکومت اداروں کی استعداد کار میں اضافے کے لیے ڈیجیٹل اصلاحات پر مسلسل کام کر رہی ہے، اور محکمہ اطلاعات اس کی ایک مثال ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ اقدام ایک بڑی انتظامی تبدیلی کا حصہ ہے جس کا مقصد سرکاری اداروں میں روایتی طریقہ کار کی جگہ جدید ڈیجیٹل نظام متعارف کرانا ہے تاکہ نہ صرف کام کی رفتار میں بہتری لائی جا سکے بلکہ شفافیت، درستگی، اور مؤثر نگرانی کو بھی ممکن بنایا جا سکے۔۔اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے ڈائریکٹر ریکوری اینڈ ری کانسیلیئیشن لیاقت امین نے کہا کہ شعبہ اشتہارات کے ریکارڈ کو جدید ڈیجیٹل نظام میں منتقل کرنے سے نہ صرف مالی اُمور کی درستگی ہوگی بلکہ وقت کی بچت اور کاغذی کارروائی میں کمی جیسے مثبت نتائج بھی حاصل ہوں گے۔ اس جدید نظام سے روزمرہ امور کی نگرانی آسان ہو گی اور فیصلہ سازی کے عمل میں بھی بہتری آئے گی۔اس موقع پر ڈائریکٹر ایڈمن ابن امین نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ شعبہ اشتہارات کی ڈیجیٹل منتقلی کا یہ عمل ایک بڑی پیش رفت ہے، جو آنے والے وقت میں مزید شعبہ جات کے لیے ایک ماڈل کا کردار ادا کرے گا۔تقریب کے اختتام پر متعلقہ عملہ میں تعریفی اسناد تقسیم کی گئیں۔