وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے ٹیکنیکل ایجوکیشن طفیل انجم کی زیر صدارت یورپی یونین کے تعاون سے TVET-IV منصوبے کے حوالے سے پی آئی سی اجلاس کا انعقاد

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے ٹیکنیکل ایجوکیشن طفیل انجم نے کہا ہے کہ معیاری فنی تعلیم کے ذریعے نوجوانوں کو بااختیار بنانے کے لیے صوبائی حکومت پرعزم ہے۔ انہوں نے پائیدار اقتصادی ترقی کو فروغ دینے میں یورپی یونین کی مسلسل حمایت کی تعریف کی اور عوامی شعبے کے اداروں، ترقیاتی شراکت داروں اور نجی شعبے کے درمیان مربوط کوششوں کی اہمیت پر زور دیا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے یورپی یونین کے تعاون سے PIC کمیٹی کی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔اجلاس میں ایم ڈی ٹیوٹا، ڈائریکٹر،جی آئی ذی کے نمائندے،سیکرٹری ٹریڈ ٹیسٹنگ بورڈ، برٹش کونسل کے پراجیکٹ منیجر،صدر وومن چیمبر آف کامرس،یورپین یونین کے حکام ودیگر عہدیداروں نے شرکت کی ہے۔ اجلاس کے تمام اسٹیک ہولڈرز کی جانب سے تعاون کو تیز کرنے اور TVET-IV منصوبے کے کامیاب نفاذ کو یقینی بنانے پر اتفاق ہوا ہے۔ مزید کہا گیا ہے کہ اس منصوبے سے پسماندہ اور دور دراز علاقوں کی ترقی اور خوشحالی ممکن ہوسکے گی۔ اس کے علاوہ اجلاس میں TVET-IV منصوبے کی پیشرفت کا جائزہ لیا گیا، جس کی توجہ خیبرپختونخوا میں تکنیکی اور پیشہ ورانہ تعلیم و تربیت (TVET) کے شعبے کو لیبر مارکیٹ کی ضروریات سے ہم آہنگ کرنے پر مرکوز رہا۔ اجلاس کے شرکاء نے پراجیکٹ کی جاری سرگرمیوں پر بھی تبادلہ خیال کیا ہے جبکہ اس میں چیلنجوں کی نشاندہی بھی کی ہے۔ اجلاس میں پروگرام کے اثرات کو بڑھانے کے لیے حکمت عملیوں پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا ہے۔ شرکاء نے اس منصوبے کے تحت طلباء کی پیشہ ورانہ تربیت کے لئے فنی نقطہ نظر کی اہمیت پر زور دیا ہے تاکہ یہ یقینی بنایا جا سکے کہ نوجوان صنعت سے متعلقہ مہارتوں سے آراستہ ہوں اور صوبے کی ترقی میں نمایاں کردار ادا کر سکیں۔

مزید پڑھیں