(مالکان اراضی کے مسائل کو بھر پور طریقے سے حل کیا جارہا ہے۔معاون خصوصی برائے ہاؤسنگ
وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی برائے ہاؤسنگ ڈاکٹر امجد علی سے جمعرات کے روز جلوزئی ہاؤسنگ سکیم کی اراضی کے مالکان پر مشتمل ایک وفد نے پشاور میں ملاقات کی۔ اس موقع پروزیر ایکسائز و ٹیکسیشن خلیق الرحمن بھی موجود تھے جبکہ ڈائریکٹر جنرل ہاؤسنگ اتھارٹی عمران وزیر اور محکمہ ہاؤسنگ کے دیگر افسران بھی ملاقات میں شریک ہوئے۔ ملاقات کے دوران جلوزئی ہاؤسنگ سکیم کے مختلف حل طلب مسائل اور اراضی کے امور پر تفصیلی غور و خوض کیا گیا۔ ڈی جی ہاؤسنگ اتھارٹی نے اس موقع پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ سکیم کی متعلقہ اراضی کا رقبہ 8,905 کینال ہے، جس پر سپریم کورٹ کے احکامات کی روشنی میں ایک ارب روپے کی مزیدادائیگیاں اراضی مالکان کو کی جا چکی ہیں۔ ملاقات کے دوران معاون خصوصی برائے ہاؤسنگ ڈاکٹر امجد علی نے زمین مالکان کو یقین دہانی کرائی کہ سپریم کورٹ کے فیصلوں کی روشنی میں اسی طرح مزید ادائیگیاں بھی کی جائیں گی، اور عدالت عظمیٰ کے احکامات پر من و عن عمل کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ کسی کے ساتھ زیادتی نہیں ہونے دی جائے گی اور تمام تصفیہ طلب مسائل کو باہمی افہام و تفہیم کے ساتھ حل کیا جائے گا۔ڈاکٹر امجد علی نے مزید کہا کہ حکومت تمام فریقین کے جائز حقوق کا تحفظ یقینی بنائے گی اور ہاؤسنگ سکیم کو شفاف اور قانونی طریقہ کار کے مطابق پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے گا۔اس موقع پر وفد نے مسائل کے حل کی یقین دہانی پر صوبائی وزیر ایکسائز اور معاون خصوصی کا شکریہ ادا کیا۔