خیبرپختونخوا اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے لائیو سٹاک، فشریز اینڈ کوآپریٹو کا اجلاس چیئرپرسن و ایم پی اے شیر علی آفریدی کی زیر صدارت منعقد ہوا، اجلاس میں اراکین صوبائی اسمبلی ارباب محمد عثمان خان، اکرام اللہ غازی، ملک عدیل اقبال اور عبدالمومن نے شرکت کی۔ کمیٹی نے صوبہ خیبرپختونخوا میں غیر قانونی ماہی گیری اور غیر مجاز فش فارمنگ سے متعلق امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ کمیٹی نے ان غیر قانونی سرگرمیوں کو روکنے کے لیے مضبوط قانونی اقدامات کی ضرورت پر زور دیا۔ اراکین نے ماہی گیری کے کاموں میں مناسب ضابطے، چیک اینڈ بیلنس کو یقینی بنانے اور جہاں ضروری ہو موجودہ معاہدوں پر نظر ثانی کرنے کے لیے ایک جامع حکمت عملی پر زور دیا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ تربیلا ڈیم اور خان پور ڈیم کے حوالے سے تفصیلی رپورٹس آئندہ اجلاس میں جائزہ کے لیے پیش کی جائے۔ مزید برآں، محکمہ میں تبادلوں سے متعلق گزشتہ پانچ سالوں کا ڈیٹا بھی اگلی میٹنگ میں پیش کرنے کی ہدایت کی گئی۔ کمیٹی نے ماہی گیری کی سرگرمیوں کی نگرانی اور ٹھیکہ دینے میں شفافیت کو یقینی بنانے کے لیے ایک مضبوط میکنزم قائم کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ آبی وسائل کے تحفظ اور پائیدار طریقوں کی حمایت کے لیے ماہی گیری کے فریم ورک کو ہموار کرنے کا عزم کیا گیا۔ مزید برآں، کمیٹی اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ماہی گیری اور غیر مجاز فش فارمنگ سے متعلق موجودہ صورتحال کا جائزہ لینے اور شعبے کی بہتری کے لیے باخبر فیصلے کرنے کی خاطر متعلقہ سائٹس کا دورہ بھی کیا جائے گا۔