نادار فنکاروں کے علاج کے لیے 1 لاکھ، وفات کی صورت میں بیواؤں اور بچوں کے لیے 2 لاکھ مالی امداد دی جائے گی
انڈومنٹ فنڈ کی پیش رفت پر اعلیٰ سطحی اجلاس، ادیب و فنکاروں کی شرکت
خیبر پختونخوا کے مشیر برائے سیاحت و ثقافت زاہد چن زیب کی زیر صدارت مستحق فنکاروں کی مالی معاونت کے لیے قائم کردہ انڈومنٹ فنڈ پر پیش رفت کا اجلاس خیبر پختونخوا کلچر اینڈ ٹورزم اتھارٹی کے کمیٹی روم، پشاور میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں نامور ادیب اباسین یوسفزئی، مشہور فنکارہ شازمہ حلیم سمیت متعلقہ افسران نے شرکت کی۔زاہد چن زیب نے کہا کہ خیبر پختونخوا حکومت فنکار برادری کی فلاح و بہبود کے لیے سنجیدہ اقدامات اٹھا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ فنکار معاشرے میں امن، ہم آہنگی اور ثقافتی ترقی کے نمائندے ہیں، اور ان کی خدمت دراصل ثقافت کی خدمت ہے۔انہوں نے بتایا کہ انڈومنٹ فنڈ کے تحت مستحق فنکاروں کے علاج معالجے کے لیے ایک لاکھ روپے تک کی مالی امداد فراہم کی جائے گی، جبکہ وفات ہونے کے صورت میں فنکاروں کی بیواؤں اور بچوں کو دو لاکھ روپے کی معاونت دی جائے گی تاکہ ان کی ضروریات کا کچھ حد تک ازالہ کیا جا سکے۔اباسین یوسفزئی اور شازمہ حلیم نے حکومت خیبر پختونخوا، خصوصاً مشیر سیاحت و ثقافت زاہد چن زیب کے اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ فنکار برادری کے لیے ایک تاریخی اور حوصلہ افزا قدم ہے۔زاہد چن زیب نے یقین دہانی کرائی کہ فنکاروں کی عزت و وقار کو برقرار رکھتے ہوئے، ان کی فلاح کے لیے مزید اقدامات کیے جائیں گے تاکہ وہ بلا خوف و فکر اپنے فن کو پروان چڑھاتے رہیں۔