محکمہ زراعت خیبر پختونخوا کے زیر اہتمام کراپ زوننگ اور ایگریکلچر پالیسی کے حوالے سے ورکشاپ کا انعقاد

وزیرِ زراعت خیبرپختونخوا میجر ریٹائرڈ سجادبارکوال نے محکمہ زراعت کے متعلقہ افسران سمیت زرعی پالیسی تجویز کرنے والے تمام سٹیک ہولڈرز پر زور دیا ہے کہ ایسی زرعی پالیسی پر کام کیا جائے جس سے زمیندار اور عام لوگ زیادہ سے زیادہ مستفید ہوسکیں اور مرتب شدہ پالیسی زراعت اور زمیندار سے منسلک مسائل کے حل اور تجاویز پر مشتمل ہو نہ کہ صرف لکھی لکھائی اور کتابی باتیں ہوں۔ انہوں نے محکمہ زراعت کے افسران اور ماہرین کو تاکید کی کہ محکمہ میں بہتری لانے اور زمینداروں کی معاشی حالت کو بہتر بنانے کے لئے اپنی صلاحیتوں کو بروئیکار لائیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈائریکٹوریٹ آف ایگریکلچر پشاور میں مجوزہ کراپ زوننگ اینڈ ایگریکلچر پالیسی خیبر پختونخوا کے حوالے سے منعقدہ مشاورتی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر سیکرٹری زراعت عطاء الرحمان خلیل، سیکرٹری مواصلات و تعمیرات ڈاکٹر محمد اسرار، وائس چانسلر زرعی یونیورسٹی پشاور جھان بخت، ڈائریکٹر جنرل توسیع ڈاکٹر مراد علی سمیت محکمہ کے افسران اور مختلف سٹیک ہولڈرز بھی موجود تھے۔ صوبائی وزیر زراعت نے اپنے خطاب میں کہا کہ اس مشاورتی اجلاس میں محکمہ زراعت کے افسران اور سٹیک ہولڈرز کے اکھٹے ہونے کا بنیادی مقصد ایسی زرعی پالیسی کو تشکیل دینا ہے جو اتنی مؤثر ہو جس سے زمیندار طبقہ کے ساتھ ساتھ عام لوگوں کیلیے بھی کافی فائدہ ہو اور یہ پالیسی اس وقت تک مؤثر نہیں ہوسکتی جب تک اس کا نفاذ عملی طور پر نہ ہو۔ موجودہ صوبائی حکومت زرعی پالیسی کو حقیقی معنوں میں نافذ کرنے کیلیے تمام تر اقدامات اٹھا ئے گی انہوں نے محکمہ کے تمام افسران کو ہدایت جاری کی کہ محکمہ کے ذیلی ادارے آپس میں کوارڈینیشن رکھے اور محکمہ کو آگے بڑھنے میں اپنا کلیدی کردار ادا کریں۔ انہوں نے مزید ہدایت کی کہ مؤثر زرعی پالیسی تیار کرنے کیلئے تمام سٹیک ہولڈرز کے مختلف گروپس بنالیں اور وہ گروپس پوری محنت کے ساتھ زرعی پالیسی پر سنجیدگی سے کام کرکے انکی تجاویز لیں۔ مشاورتی اجلاس میں صوبائی وزیر کو خیبر پختونخوا میں کراپ زوننگ اورپاکستان اور خیبر پختونخوا میں ایگرو ایکلوجیکل زوننگ پر تفصیلی بریفنگ بھی دی گئی۔ بریفنگ میں بتایا کہ ہیلوویٹاس سوئس انٹر کوآپریشن، پاکستان محکمہ موسمیات اور زرعی یونیورسٹی پشاور کی تکنیکی معاونت سے کمیٹی نے 2020 کا نیا ایگرو-ایکولوجیکل زوننگ فریم ورک تیار کیا، جس میں خیبر پختونخوا کو 6 بڑے زونز اور 9 ذیلی زونز میں تقسیم کیا گیا۔قبل ازیں سیکرٹری زراعت نے صوبائی وزیر اور دیگر سٹیک ہولڈرز کو مشاورتی اجلاس میں شرکت پر شکریہ ادا کیا جبکہ سیکرٹری مواصلات وتعمیرات نے تمام سٹیک ہولڈرز کومؤثر زرعی پالیسی تیار کرنے کے لئے اہم تجاویز بھی دئیے۔

مزید پڑھیں