خیبر پختونخوا کے وزیر سماجی بہبود سید قاسم علی شاہ سے معذور افراد کی تحریک”بول اُٹھو” کے وفد نے ملاقات کی۔ وفد نے معذور افراد کے مسائل سے وزیر موصوف کو آگاہ کیا۔ملاقات میں سابق رکن صوبائی اسمبلی ڈاکٹر سمیرا شمش بھی موجود تھیں۔ وفد نے خیبرپختونخوا میں معذور افراد کے حقوق سے متعلق متعدد اہم تجاویز بھی پیش کیں جن میں معذوروں کے لیے مجوزہ قانون (Disability Bill) کی جلد منظوری، ہسپتالوں، پبلک ٹرانسپورٹ، تعلیمی اداروں اور دیگر عوامی مقامات پر آسان رسائی کے لیے اقدامات، اعلیٰ تعلیم میں فیس معافی اور خصوصی کوٹہ، بصارت سے محروم طلبہ کے لیے بریل ٹول کٹس کی فراہمی، سماجی کاروبار کے فروغ، اور الیکٹرک وہیل چیئرز سمیت خصوصی کارڈ کے اجرا کی تجاویز شامل تھیں۔صوبائی وزیرنے وفد کی تجاویز کو نہایت سنجیدگی سے سنتے ہوئے کہا کہ معذور افراد کو قومی دھارے میں شامل کرنا حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے مجوزہ اقدامات پر عملدرآمد کے لیے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی اور کہا کہ محکمہ سوشل ویلفیئر معذور افراد کی فلاح و بہبود کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے گا۔یہ ملاقات معذور افراد کے حقوق کے تحفظ کی جانب ایک مثبت قدم قرار دی جا رہی ہے، جس سے مستقبل قریب میں عملی تبدیلیوں کی امیدہے۔