تمام سرکاری افسران عوام کو سرکاری خدمات بروقت مہیا کرنے کے پابند ہیں، آگاہی مہم اور سروس لائن ڈیپارٹمنٹ سے میٹنگ کا انعقاد — کمشنر آر ٹی ایس کمیشن ذاکر حسین آفریدی
کمشنر آر ٹی ایس کمیشن ذاکر حسین آفریدی نے ضلع چترال لوئر کا ایک روزہ دورہ کیا۔ اپنے دورے کے دوران انہوں نے ڈپٹی کمشنر آفس چترال میں سروس لائن ڈیپارٹمنٹ کے افسران کے ساتھ ایک اہم اجلاس کا انعقاد کیا، جس میں متعلقہ ذمہ داران کو آر ٹی ایس قانون کے بارے میں آگاہ کیا گیا اور عوام کو بہتر و بروقت خدمات کی فراہمی کے طریقہ کار پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر انہوں نے واضح کیا کہ تمام سرکاری افسران عوام کو سرکاری خدمات بروقت مہیا کرنے کے پابند ہیں، اور اس سلسلے میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ بنیادی خدمات کا حصول عوام کا حق ہے، نہ کہ ان پر حکومت کا احسان۔ خدمات تک بروقت اور آسان رسائی سرکاری اہلکاروں کی ذمہ داری ہے۔ افسران کو عوام کی ضروریات کو مؤثر طریقے سے پورا کرنے اور خدمات کی فراہمی کے عمل کو بہتر بنانے کے لیے ضروری ہدایات جاری کی گئیں۔اس موقع پر کمشنر آر ٹی ایس کمیشن نے سرکاری افسران کو آر ٹی ایس قانون پر تفصیلی بریفنگ دی اور ہدایت کی کہ ہر سرکاری دفتر کے سامنے نوٹیفائیڈ پبلک سروسز کی فہرست نمایاں انداز میں آویزاں کی جائے تاکہ عوام کو سہولت میسر ہوں۔دورے کے دوران ایک آگاہی مہم بھی منعقد ہوئی، جس میں علاقے کے مشران، سماجی کارکنان، نے شرکت کی۔ اس مہم میں شرکاء کو آر ٹی ایس قانون کی اہمیت، اس کے فوائد اور مؤثر نفاذ کے لیے معاشرتی کردار پر زور دیا گیا۔کمشنر نے واضح کیا کہ گڈ گورننس صوبائی حکومت کا اہم ایجنڈا ہے اور تمام متعلقہ ادارے اس پر عملدرآمد کے لیے مکمل طور پر متحرک ہیں۔