خیبرپختونخوا کے وزیر برائے لائیو سٹاک، فشریز و کوآپریٹیو فضل حکیم خان نے کہا ہے کہ

خیبرپختونخوا کے وزیر برائے لائیو سٹاک، فشریز و کوآپریٹیو فضل حکیم خان نے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا حکومت صوبے میں معیاری تعلیم کے فروغ کے لیے سنجیدہ اور عملی اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ گورنمنٹ پوسٹ گریجویٹ جہانزیب کالج سیدو شریف سوات جیسے تاریخی اور علمی ادارے ہماری تعلیمی پہچان ہیں اور اس کی ترقی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر نے جہانزیب کالج کے دورے کے موقع پر کیا، جہاں کالج کے پرنسپل اور دیگر متعلقہ حکام سمیت پی ٹی آئی مینگورہ سٹی صدر و چیئرمین حیدرعلی بھی ان کے ہمراہ تھے۔ صوبائی وزیر نے کالج کی نئی عمارت اور مختلف تعلیمی شعبوں کا معائنہ بھی کیا، اساتذہ و طلباء سے ملاقات کی اور تعلیمی سرگرمیوں کا جائزہ لیا۔ انہوں نے طلباء اور اساتذہ کو درپیش مسائل اور ضروریات پر تفصیلی گفتگو کی اور یقین دلایا کہ کالج کے انفراسٹرکچر، تدریسی سہولیات اور دیگر تعلیمی شعبوں کی بہتری کے لیے فوری اقدامات اٹھائے جائیں گے۔ فضل حکیم خان نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت تعلیم کے میدان میں شفافیت، میرٹ اور جدید تقاضوں کو مدنظر رکھتے ہوئے جامع پالیسیاں نافذ کر رہی ہے تاکہ نوجوانوں کو معیاری تعلیم فراہم کی جا سکے۔ صوبائی وزیر نے کالج انتظامیہ کو ہدایت دی کہ وہ طلباء کے مسائل کے حل کے لیے حکومت سے قریبی روابط رکھیں اور تعلیمی معیار کو مزید بلند کرنے کے لیے تجاویز پیش کریں۔ صوبائی وزیر کا یہ دورہ اس عزم کا مظہر ہے کہ خیبر پختونخوا حکومت تعلیمی اداروں کی ترقی کے لیے ٹھوس اور مسلسل اقدامات جاری رکھے گی۔

مزید پڑھیں