وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی برائے صنعت عبدالکریم تورڈھیرنے بدھ کے روز پشاور میں گودام ایکٹ 2021 کے حوالے سے محکمہ صنعت اور دیگر متعلقہ سٹیک ہولڈرز کے ایک مشترکہ اجلاس کی صدارت کی جس میں گوداموں کی رجسٹریشن کے حوالے سے تاجروں اور کاروباری حضرات نے متعلقہ نافذالعمل قانون میں مزید فصاحت اور بہتری لانے کے حوالے سے اپنی آرا پیش کیں۔اجلاس میں محکمہ صنعت کی جانب سے سپیشل سیکرٹری محمد انور خان،ایڈیشنل سیکرٹری مجیب الرحمٰن،ڈپٹی ڈائریکٹر انڈسٹریز شہاب نواز،محکمہ قانون و دیگر محکموں کے افسران کے علاؤہ،صدر سرحد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز فضل مقیم،صنعتکار اور سابق صدر سرحد چیمبر آف کامرس فواد اسحاق اور تاجر برادری کے معتدد دیگر نمائندوں نے شرکت کی۔اجلاس کے دوران تاجروں اور صنعتی تنظیموں کے عہدیداروں نے اس قانون کے استعمال میں بعض تحفظات سے فورم کو آگاہ کیا اور کہا کہ قانون کے تحت رجسٹریشن میں ان روزگاروں اور جگہوں کو مبرا قرار دیا جائے جن کی اس نوعیت کی رجسٹریشن قانون کی روح کے مطابق دوسرے صوبائی اداروں کیساتھ ہوئی ہو۔تاجر برادری کی جانب سے گودام،کولڈ سٹوریج اور ویئر ہاؤسز کی تشریحات میں بھی مزید وضاحت لانے کی گزارش کی گئی۔ اجلاس کے دوران محکمہ صنعت کے حکام نے بھی مذکورہ قانون کے حوالے سے اپنا نقظہ پیش کیا جبکہ اس بات پر اصولی اتفاق کیا گیا کہ اس حوالے سے تاجر برادری، کاروباری حضرات اور محکمہ کے حکام کا آئندہ اجلاس منعقد کیا جائے گا جس میں تمام سٹیک ہولڈرز کے قانون اور اس کے قواعد و ضوابط میں ممکنہ ترامیم پر مشترکہ مشاورت کی جائے گی اور اتفاق رائے سے تجویز کردہ ترامیم کو اس قانون میں شامل کرنے کیلئے اس پر مزید کاروائی کی جائیگی۔اس موقع پر بتایا گیا کہ گودام ایکٹ کی مقصد کے مطابق جن روزگاروں اور کاروباری سہولیات کی اس نوعیت کی رجسٹریشن کسی دوسرے محکمے کیساتھ نہیں ہوئی ہو تو اس کی رجسٹریشن محکمہ صنعت کیساتھ ہی ہوگی۔اس موقع پر معاون خصوصی نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ سرکاری قانون سازی عوام اور متعلقہ سٹیک ہولڈرز کی سہولت اور آسانی کیلئے ہی کی جاتی ہے اور حکومت کی یہ کوشش ہے کہ صوبے میں کاروباری اور تجارتی شعبے کو مزید سہولیات فراہم کیئے جائیں۔لہذا کسی بھی قانون سازی میں انھیں کاروبار کو آسان بنانے کیلئے کوشش کی جائے گی۔انھوں نے کہا کہ کاروباری حضرات اپنے چیمبرز میں متعلقہ سرکاری قوانین کو سمجھنے کیلئے ان کی آگاہی حاصل کریں جبکہ مختلف یونیورسٹیوں میں تجارتی و کاروباری فروغ کیلئے کی جانے والی تحقیقی پروجیکٹس سے استفادہ اٹھانے کیلئے یونیورسٹیوں سے روابط بڑھائے۔انھوں نے اجلاس میں تاجروں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اس صوبے میں کء شعبوں میں سرمایہ کاری کے نمایاں مواقع موجود ہیں جن کیلئے ان جیسے لوگوں کی سرمایہ کاری کی ضرورت ہے۔معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ ٹریڈز کی بحالی انکی ترجیح ہے اور یہاں پر سرمایہ کاری کیلئے این او سی کی فراہمی میں صوبائی سرمایہ کاری و تجارتی بورڈ اپنی خدمات فراہم کرتا ہے۔اس طرح دیگر درکار پہلوؤں میں بھی حکومت اور محکمہ انہیں ہر ممکن تعاون فراہم کرے گا۔