خیبرپختونخوا کے وزیر برائے لائیو سٹاک، فشریز و کوآپریٹیو فضل حکیم خان یوسفزئی نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف جمہوریت پر یقین رکھتی ہے اور جمہوری و پُر امن انداز میں ملک کی حقیقی تبدیلی کے لیے اپنے مشن پر پوری ثابت قدمی سے گامزن ہے۔ پاکستان صرف قائد عمران خان کی قیادت میں ہی ترقی، خودمختاری اور انصاف کی راہ پر گامزن ہو سکتا ہے۔ عمران خان کی جلد رہائی وقت کی اہم ضرورت ہے، تاکہ وہ ایک باوقار، خوشحال اور عوامی امنگوں کے مطابق پاکستان کی قیادت دوبارہ سنبھال سکیں۔ تحریک انصاف کی یہ جدوجہد اُس وقت تک جاری رہے گی جب تک وطن عزیز میں آئین، قانون اور عوام کی حکمرانی قائم نہیں ہو جاتی۔ ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر نے اپنی رہائش گاہ مینگورہ میں مختلف عوامی وفود اور شہریوں سے ملاقات کے دوران کیا۔ اس موقع پر انہوں نے عوامی مسائل کو توجہ سے سنا اور ان کے فوری اور موثر حل کی یقین دہانی کرائی۔ صوبائی وزیر نے پاکستان تحریک انصاف کے کارکنان اور عہدیداران سے بھی ملاقاتیں کیں جس میں پارٹی کے تنظیمی امور، عوامی خدمات اور موجودہ سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ انہوں نے اس موقع پر کہا کہ قائد عمران خان کا وژن عوامی خدمت، شفاف حکمرانی اور قانون کی بالادستی پر مبنی ہے، جسے صوبائی حکومت عملی جامہ پہنانے کے لیے پرعزم ہے۔ فضل حکیم خان نے کہا کہ صوبائی حکومت عوام کے مسائل کے حل کے لئے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے اور عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ صوبائی حکومت نے صحت، تعلیم اور دیگر بنیادی شعبوں میں انقلابی اصلاحات متعارف کرائی ہیں، جن کے مثبت اثرات عوام تک پہنچ رہے ہیں۔انہوں نے عمران خان کی جلد رہائی کو ملک میں جمہوریت اور قانون کی حکمرانی کے لیے ناگزیر قرار دیا اور اس مقصد کے لیے پرامن جدوجہد جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان تحریک انصاف عوامی حمایت سے ملک میں مثبت تبدیلی لانے کے لیے پرعزم ہے اور اس مقصد کے حصول تک اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔