انجینیئرز کے مسائل کے حوالے سے پشاور میں منگل کے روز ایک کھلی کچہری کا انعقاد کیا گیا جس کا مقصد انجینیئرز کے مسائل سننا اور ان کے فوری حل کے لیے اقدامات اٹھانا تھا۔ کھلی کچہری میں وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاونِ خصوصی برائے مواصلات و تعمیرات، محمد سہیل آفریدی نے خصوصی طور پرشرکت کی۔اس موقع پر پاکستان انجینیئرنگ کونسل کے چیئرمین انجینیئر وسیم نظیر، وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کے سپیشل سیکرٹری انجینیئر وقار خان، پاکستان انجینیئرنگ کونسل خیبرپختونخوا کے وائس چیئرمین ڈاکٹر قیصر علی، اور سی کاز یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر نصیر احمد بھی کھلی کچہری میں شریک ہوئے۔معاونِ خصوصی محمد سہیل آفریدی نے کھلی کچہری کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سی اینڈ ڈبلیو ڈیپارٹمنٹ ا اصلاحات کے ذریعے نظام میں جدت اورشفافیت لا ئی ہے جس کی بدولت اس کی کارکردگی مزید بہتر ہو ئی ہے اور یہ محکمہ عوامی فلاح و بہبودکے لیے بہترین انداز میں کام کر رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ تمام کام آن لائن کیا جا رہا ہے تاکہ شفافیت برقرار رہے اور عمران خان کے وژن کے مطابق گورننس کو جدید خطوط پر استوار کیا جا سکے۔انہوں نے کہا کہ سی اینڈ ڈبلیو ڈیپارٹمنٹ خیبرپختونخوا نے حالیہ عرصے میں انٹیگریٹڈ مینجمنٹ سسٹم آئی ایم ایس روڈ ایسٹ منیجمنٹ سسٹم ریمز ہیومن ریسورس مینجمنٹ انفارمیشن سسٹم ای ٹینڈرنگ سسٹم متعارف کروائے ہیں اور یہ عزم ہے کہ مزید بہتر نظام بھی متعارف کرائے جائیں گے تاکہ تمام امور کو ڈیجیٹل پلیٹ فارم پر لایا جا سکے۔کھلی کچہری کے اختتام پر پاکستان انجینیئرنگ کونسل کے چیئرمین انجینیئر وسیم نظیر کی جانب سے محمد سہیل آفریدی کو ان کی خدمات کے اعتراف میں اعزازی شیلڈ بھی پیش کی گئی۔