خیبرپختونخوا میں جدید ترین سٹیٹک پراونشل فوڈ ٹیسٹنگ لیبارٹری کا افتتاح وزیر اعلیٰ علی امین گنڈاپور بہت جلد کریں گے، وزیر خوراک ظاہر شاہ طورو

وزیر خوراک خیبرپختونخوا ظاہر شاہ طورو نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا فوڈ سیفٹی اینڈ حلال فوڈ اتھارٹی کے زیر اہتمام تعمیر کی جانے والی جدید ترین سٹیٹ آف دی آرٹ پراونشل فوڈ ٹیسٹنگ لیبارٹری آخری مراحل میں داخل ہو چکی ہے، جس کا باقاعدہ افتتاح وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین خان گنڈاپور عنقریب کریں گے۔ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر خوراک نے لیبارٹری منصوبے پر پیش رفت سے متعلق اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں ڈائریکٹر جنرل فوڈ اتھارٹی واصف سعید، پراجیکٹ ڈائریکٹر ڈاکٹر عباس، ڈائریکٹر آپریشنز اختر نواز، ڈائریکٹر ٹیکنیکل ڈاکٹر عبد الستار شاہ سمیت دیگر اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ لیبارٹری کا سول ورک تکمیل کے قریب ہے جبکہ جدید ہائی ٹیک مشینری کی خریداری بھی آخری مراحل میں ہے۔ اس لیبارٹری کو بین الاقوامی معیار (آئی ایس او) کے مطابق تیار کیا گیا ہے جہاں نہ صرف فوڈ بزنس آپریٹرز بلکہ عام شہری بھی مختلف اشیائے خوردونوش کی جانچ کی سہولت سے مستفید ہو سکیں گے۔ظاہر شاہ طورو نے کہا کہ لیبارٹری میں تیل و گھی، پانی، آٹا، بسکٹ، دہی، خشک دودھ، آلو چپس، نمکو، سنیکس، شہد، جیم، اسکواش، مشروبات، نمک، بلیک و گرین ٹی، دودھ، گوشت اور اناج میں موجود پروٹین، کاربوہائیڈریٹس، نمی و دیگر اجزاء کا معیار پرکھا جا سکے گا۔صوبائی وزیر نے کہا کہ خیبرپختونخوا کی تاریخ میں پہلی بار 12 موبائل فوڈ ٹیسٹنگ لیبارٹریز کے بعد ایک سٹیٹک اور جدید لیبارٹری کا قیام عمل میں لایا جا رہا ہے، جو خوراک کے تحفظ کے شعبے میں سنگِ میل ثابت ہوگا۔ اس اقدام سے معیاری خوراک کی فراہمی یقینی بنے گی، ملاوٹ اور ناقص اشیاء کا قلع قمع ہوگا اور ہسپتالوں پر بوجھ بھی نمایاں طور پر کم ہوگا۔

مزید پڑھیں