محرم الحرام کے پرامن انعقاد کے حوالے سے کوہاٹ میں گرینڈ امن جرگہ کا انعقاد

محرم الحرام کے پرامن انعقاد کے حوالے سے کوہاٹ میں گرینڈ امن جرگہ کا انعقاد
محرم الحرام 2025 کے پرامن انعقاد کے حوالے سے اتوار کے روز کمشنر ہاؤس کوہاٹ میں ڈویژنل سطح پر گرینڈ امن جرگہ منعقد ہوا جس میں صوبائی وزراء سمیت کوہاٹ ڈویژن کے تمام اضلاع کی منتخب سیاسی قیادت، اہل سنت و اہلِ تشیع کے علماء و اکابرین اور عمائدین کے علاوہ کمشنر کوہاٹ، ڈی آئی جی کوہاٹ، متعلقہ ڈپٹی کمشنرز اور لائن ڈیپارٹمنٹس کے حکام نے بھی شرکت کی۔جرگہ سے وزیر قانون آفتاب عالم ایڈوکیٹ، وزیر زراعت میجر (ر) محمد سجاد بارکوال، اراکین قومی اسمبلی شہر یار آفریدی، شاہد خان خٹک، اراکین صوبائی اسمبلی شفیع جان، اورنگزیب اورکزئی، داؤد آفریدی اور شاہ تراب خان، سابق چیف جسٹس سید ابن علی اور اہل سنت و اہل تشیع کے اکابرین نے خطاب کیا اورمحرم الحرام کے پرامن انعقاد کیلئے اپنے بھرپور تعاون کا یقین دلایا۔کمشنر کوہاٹ ڈویژن نے جرگہ کے اغراض و مقاصد بیان کرتے ہوئے بتایا کہ حالیہ بھارتی جارحیت کے تناظر میں یہ محرم الحرام مخصوص حالات میں منعقد ہونے جارہا ہے اور خدانخواستہ مکار دشمن کوئی ایسا حرکت نہ کرے جس سے انتشار پھیلے، لہذا ہم نے ہوشیار رہنا ہے اور دشمن کی ہر سازش کو ناکام بنانا ہے۔خاص طور پر سوشل میڈیا جو بیرونی کنٹرول میں ہے پر خصوصی دھیان رکھنا ہے اور اس پر پھیلنے والی ہر خبر، پوسٹ اور ویڈیو کی پوری تحقیق کرنی ہے۔مقررین کا کہنا تھا کہ محرم الحرام کی حرمت قرآن پاک سے صاف واضح ہے لہذا محرم الحرام اہل سنت اور اہل تشیع، سب کیلئے برابر قابل احترام ہے۔جرگہ کے شرکاء نے اس عزم کا ارادہ کیا کہ ہم نے ہر موقع پر چاہے محرم الحرام ہو یا کوئی اور مذہبی تہوار، باہمی اتفاق و اتحاد سے دشمن کی ہر سازش اور چال کو ناکام بنانا ہے۔ہم سب مسلمان ہیں اورہماری شناخت صرف پاکستان ہے۔مقررین کا مزید کہناتھا کہ دشمن اندرونی سطح پر ہمیں تقسیم کرکے اور ہمارا اتحاد پارہ پارہ کرکے اپنے مذموم عزائم کی تکمیل چاہتاہے لیکن انشاء اللہ ہم اسے کبھی بھی اپنے مذموم عزائم میں کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ہم سب نے مل کر نئی نسل کو دشمن کی ہر سازش سے بچاناہے۔آخر میں ملک کی بقاء و سلامتی اور ترقی و خوشحالی کیلئے دعاکی گئی۔ ملک کیلئے جام شہادت نوش کرنے والے شہداء اور سانحہ سوات شہداء کے درجات کی بلندی اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کیلئے بھی خصوصی دعا کی گئی

مزید پڑھیں