وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی برائے بہبود آبادی، ملک لیاقت خان نے خاندانی منصوبہ بندی کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے اپنی ایک پیغام میں عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ خاندانی منصوبہ بندی پر عملدرآمد کو اپنی زندگیوں کا حصہ بنائیں، بچوں کی پیدائش میں مناسب وقفہ رکھیں اور صوبہ بھر میں قائم بہبود آبادی مراکز سے بھرپور استفادہ حاصل کریں۔ملک لیاقت خان نے کہا کہ خاندانی منصوبہ بندی نہ صرف ایک صحت مند معاشرے کے قیام کے لیے ضروری ہے بلکہ اس سے ماں اور بچے کی صحت کو بھی بہتر بنایا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت خیبر پختونخوا عوام کی سہولت کے لیے بہبود آبادی کے مراکز میں مفت اور معیاری سہولیات فراہم کر رہی ہے، اور شہریوں کو چاہیے کہ وہ ان سہولیات سے فائدہ اٹھا کر اپنی زندگیوں کو بہتر بنائیں۔معاون خصوصی نے مزید کہا کہ ایک مستحکم اور خوشحال معاشرہ اس وقت ہی ممکن ہے جب ہر خاندان اپنے وسائل کے مطابق بچوں کی پرورش کرے۔ انہوں نے علما، اساتذہ، اور سول سوسائٹی سے بھی اپیل کی کہ وہ عوامی آگاہی میں حکومت کا ساتھ دیں تاکہ خاندانی منصوبہ بندی کے پیغام کو گھر گھر تک پہنچایا جا سکے۔