خیبر پختونخوا کے وزیر برائے زراعت میجر (ر) سجاد بارکوال نے پشاور میں واقع زرعی تحقیقی ادارہ ترناب کا دورہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے دوست ملک چین سے زرعی شعبہ میں تعاون کے تحت ملنے والی جدید مشینری کا تفصیلی معائنہ کیا۔ صوبائی وزیرکے ہمراہ محکمہ زراعت کے سیکرٹری عطاء الرحمن خلیل، ڈائریکٹر جنرل زرعی تحقیق ڈاکٹر عبدالروف، ڈائریکٹر جنرل زرعی توسیع مراد علی، ڈائریکٹر جنرل زرعی انجنئیرنگ نسیم جاوید اور محکمہ زراعت کے دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔ صوبائی وزیر سجاد بارکوال نے اس موقع پر جدید مشینری محکمہ زراعت کے ڈائریکٹوریٹ آف زرعی تحقیق، زراعت توسیع اور زرعی انجینئرنگ کے متعلقہ افسران کے حوا لے کی۔ دورے کے دوران صوبائی وزیر زراعت میجر ریٹائرڈ سجاد بارکوال کو چین سے ملنے والی زرعی مشینری پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ یہ مشینری بنجر زمینوں کو قابل کاشت بنانے میں مددگار ثابت ہوگی اور اس جدید زرعی مشینری سے زمینوں کی لیولنگ بھی کی جائے گی۔ یہ مشینری تحقیقی مراکز، سیڈ پروڈکشن فارم اور زرعی انجینئرنگ کے شعبوں میں جدید ٹیکنالوجی کی منتقلی کیلئے فراہم کی جارہی ہے۔صوبائی وزیر زراعت نے تحقیقی اداروں کے سائنس دانوں اور افسران کو ہدایت کی کہ مشینری کا بہترین استعمال کرتے ہوئے صوبے کی زراعت کو جدید خطوط پر استوار کیا جائے۔ انہوں نے کہا کے جدید آلات کی فراہمی سے کسانوں کی پیداواری صلاحیت میں اضافہ ہوگا اور زرعی شعبہ ترقی کی نئی منزلیں طے کرے گا۔ جدید زرعی مشینری کاشتکاری میں ریڑھ کی ہڈی ہے کیونکہ یہ بوائی، نگہداشت اور فصل کی کٹائی جیسے اہم کاموں میں وقت اور جسمانی محنت کو نمایاں طور پر کم کرتی ہے۔ بیج یا کھاد جیسے وسائل کے ضیاع کو روکتے ہوئے مشینری مجموعی لاگت میں کمی لاتی ہے۔ جس سے کاشتکاروں کی آمدنی میں دیرپا اضافہ ہوتا ہے۔ جدید زرعی آلات پائیدار کاشتکاری کے فروغ کے لیے ناگزیر ہیں۔وزیر زراعت سجاد بارکوال نے چینی حکومت اور متعلقہ اداروں کا خصوصی شکریہ ادا کیا جنہوں نے صوبے کی زراعت میں جدت لانے کے لیے آلات اور مشینری فراہم کی۔ انہوں نے زور دیا کہ بین الاقوامی تعاون سے خیبر پختونخوا کی زرعی ترقی کو نئی رفتار ملے گی۔