وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے جنگلات، ماحولیات، جنگلی حیات و موسمیاتی تبدیلی، پیر مصور خان نے کہا ہے کہ صوبے کے عوام کی ترقی و خوشحالی کے لیے عملی اقدامات اٹھارہے ہیں، چکدرہ ٹمبر مارکیٹ میں لکڑیوں کی جلد نیلامی کی جائے گی جس سے مقامی افراد کے لیے روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دفتر میں چترال اور دیگر اضلاع سے آئے وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔وفود نے معاون خصوصی کو اپنے مسائل سے آگاہ کیا، انھوں نے بعض مسائل کو موقع پر حل جبکہ بعض دیگر مسائل کے حل کے لیے متعلقہ افسران کو ہدایات جاری کیں۔چترال کے وفد سے بات چیت کرتے ہوئے پیر مصور خان نے بتایا کہ چکدرہ ٹمبر مارکیٹ میں لکڑیوں کی جلد نیلامی کے لیے متعلقہ حکام کو ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔ لکڑیوں کی نیلامی سے نہ صرف حکومت بلکہ ٹمبر کے کاروبار سے وابستہ افراد اور مقامی لوگ بھی مستفید ہوں گے۔ انہوں نے وفد کو دیگر مسائل کے جلد حل کی بھی یقین دہانی کرائی۔بعد ازاں پیر مصور خان نے دیگر وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ صوبائی حکومت عملی اقدامات پر یقین رکھتی ہے۔ ہم نے مالی سال2025-26کا ایک گرین بجٹ پیش کیا بانی چئیرمین عمران خان کے ویژن کے مطابق صوبے کو سرسبز و شاداب بنانے اور موسمیاتی تبدیلی کے اثرات سے نمٹنے کے لیے بجٹ میں اربوں روپے مختص کیے گئے ہیں،انھوں نے کہا کہ عوام کی فلاح و بہبود کے لئے صحت، تعلیم اور دیگر شعبہ پر خصوصی توجہ دی گئی ہے،معاون خصوصی نے شجرکاری کی اہمیت پر بات کرتے ہوئے عوام سے موسم برسات شجرکاری مہم میں زیادہ سے زیادہ پودے لگانے کی اپیل کی۔انھوں نے کہا کہ شجرکاری مستقبل کی نسلوں کے لیے صحت مند ماحول کی فراہمی کی ضمانت ہے۔