حکومت خیبرپختونخوا نے ہنگامی سیلابی صورتحال اورکسی بھی ایمرجنسی کے دوران ریسکیو میں مدد کے لئے ڈرون حاصل کرلیا ہے
ڈرون کے ذریعے لائف جیکٹس، رسیاں اور دیگر ضروری اشیاء پہنچائی جا سکیں گی
حکومت خیبرپختونخوا نے ہنگامی سیلابی صورتحال اور کسی بھی ایمرجنسی کے دوران ریسکیو میں مدد کے لئے ڈرون حاصل کرلیا ہے جس کے ذریعے لائف جیکٹس، رسیاں اور دیگر ضروری اشیاء پہنچائی جا سکیں گی۔ اس حوالے سے منگل کے روزپی ڈی ایم اے خیبر پختونخوا کی جانب سے چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا شہاب علی شاہ کو نئے حاصل کئے جانے ولے ڈرون کی پشاور میں مشق بھی دکھائی گئی۔ اس موقع پر سیکرٹری ریلیف، ڈی جی پی ڈی ایم اے اور دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا نے اس موقع پراظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ریسپانس پلان کا ازسر نو جائزہ لیا گیا ہے،ہنگامی صورتحال میں رسپانس ٹائم تیز تر کرنے کے لئے اقدامات اٹھائے جارہے ہیں جبکہ ریسکیو اہلکاروں کی آپریشنل صلاحیت بڑھانے پر بھی کام جاری ہے۔انہوں نے کہا کہ لوکل کمیونٹی کو ایمرجنسی ریسپانس کے لئے تیار کرنے پر تربیت دی جائے گی اور سیاحتی مقامات پر تمام ہوٹلوں کو پابند کیا جارہا ہے کہ وہ اپنے پاس کشتیاں، رسیاں، لائف جیکٹس جیسے آلات کی دستیابی یقینی بنائیں۔ اسی طرح ہنگامی صورتحال اور مشکلات سے نمٹنے کے لئے وارننگ سسٹم کے نظام کو بھی ڈیجیٹائز کررہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ‘ریلیف pulse’ موبائل ایپ اور سوشل میڈیا الرٹ متعارف کیا جائے گا اوروارننگ اور رسپانس کے لئے ڈیش بورڈ بھی بنایا جارہا ہے،۔ چیف سیکر ٹری کا کہنا تھا کہ حکومت خیبرپختونخوا سیلابی صورتحال میں ریسکیو کیلئے دو طرح کے ڈرون کی خریداری پر کام کررہی ہے جن میں ایک طرح کے ڈرون کا لائف جیکٹس، رسیاں اور 30 کلو تک دیگر اشیاء پہنچانے کے لیے استعمال کیا جائے گاجبکہ انسانی جانوں کو بچانے کے لئے دوسری قسم کے ڈرونز کی ٹیکنالوجی استعمال میں لائی جائے گی۔