محکمہ خوراک خیبرپختونخوا نے نجی ٹی وی چینل پر نشر ہونے والی اس خبر کی سختی سے تردید کی ہے جس میں محکمہ پر آڈٹ اعتراضات سے متعلق یکطرفہ اور حقائق کے منافی مؤقف پیش کیا گیا ہے۔محکمہ خوراک کے حکام کے مطابق نجی ٹی وی چینل نے خبر نشر کرنے سے قبل محکمہ خوراک کا مؤقف لینا بھی گوارا نہیں کیا، جو صحافتی اقدار کے خلاف اور عوام کو گمراہ کرنے کے مترادف ہے۔محکمہ خوراک کے حکام نے وضاحت کی کہ مالی سال 2024-25کی آڈٹ رپورٹ تاحال محکمہ خوراک کو موصول ہی نہیں ہوئی۔ انہوں نے واضح کیا کہ آڈٹ معمول کے مطابق آڈٹ رپورٹ میں آبزرویشنز سامنے آتی ہیں جو کہ کسی بے قاعدگی کی نشاندہی نہیں بلکہ شفافیت کو یقینی بنانے کے لیے ہوتی ہیں۔محکمہ خوراک کے حکام نے کہاکہ آڈٹ آبزرویشنز کا مطلب یہ ہوتا ہے کہ کسی مالی یا انتظامی فیصلے کی وضاحت کے لیے مزید دستاویزی شواہد درکار ہوتے ہیں۔ ان آبزرویشنز کے جوابات محکمہ باقاعدہ ثبوتوں کے ساتھ تیار کرتا ہے اور متعلقہ حکام کو فراہم کیے جاتے ہیں۔محکمہ خوراک کے حکام نے مزید کہا کہ مالی سال 2022-23 اور 2023-24کی آڈٹ آبزرویشنز کے جوابات بھی محکمہ خوراک کی جانب سے مکمل تیاری کے ساتھ دیے جا رہے ہیں۔محکمہ خوراک نے واضح کیا کہ گندم کی خریداری، ریلیز اور انصاف فوڈ کارڈ سمیت تمام منصوبے مکمل طور پر قانون، قواعد و ضوابط اور صوبائی کابینہ کی منظوری کے تحت شفاف انداز میں مکمل کیے گئے ہیں۔