وزیر قانون خیبر پختونخوا آفتاب عالم ایڈووکیٹ کی باجوڑ بم دھماکے کی شدید مذمت، شہداء کے لواحقین سے اظہارِ ہمدردی

خیبرپختونخوا کے وزیر قانون آفتاب عالم ایڈووکیٹ نے باجوڑ میں ہونے والے بم دھماکے کو انتہائی افسوسناک اور انسانیت سوز قرار دیتے ہوئے قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے شہداء کے خاندانوں سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی ہے۔وزیر قانون نے اپنے بیان میں کہا کہ دہشت گرد انسانیت کے دشمن ہیں جو نہتے عوام کو نشانہ بناتے ہیں۔ معصوم جانوں کو دہشت گردی کا نشانہ بنانے والے عناصر اس ملک و قوم کے لیے ناسور ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پوری قوم متحد ہے اور دشمن کے ناپاک عزائم کو ہر محاذ پر شکست دی جائے گی۔آفتاب عالم ایڈووکیٹ نے مزید کہا کہ پاکستان میں عدم استحکام پیدا کرنے کے لیے کی جانے والی بزدلانہ کارروائیاں قوم کے حوصلے پست نہیں کر سکتیں۔ خیبرپختونخوا کے عوام نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بے مثال قربانیاں دی ہیں، جو ہرگز رائیگاں نہیں جائیں گی۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ صوبائی حکومت سیکیورٹی اداروں کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور دہشت گردی کی عفریت کے خاتمے کے لیے ہر ممکن اقدام اٹھایا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بہت جلد امن کا سورج طلوع ہوگا اور صوبے کو دہشت گردی سے پاک کر دیا جائے گا۔

مزید پڑھیں