ملازمین کی کارکردگی کی ہفتہ وار نگرانی، عوامی شکایات کے لیے دفتر کے دروازے کھلے رکھنے کا اعلان
خیبرپختونخوا کے وزیر برائے اوقاف و مذہبی امور محمد عدنان قادری نے واضح کیا ہے کہ محکمہ اوقاف میں بدعنوانی، اقرباپروری اور سفارش جیسے منفی رجحانات کے لیے زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی گئی ہے۔ ایسے تمام افراد جو اس پالیسی کی خلاف ورزی کریں گے، ان کے خلاف سخت تادیبی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ اپنے دفترسے جاری ایک خصوصی بیان میں وزیر موصوف نے کہا کہ میرے نزدیک دیانتداری، میرٹ اور شفافیت ہی کسی ادارے کی اصل بنیاد ہے۔ اب محکمہ اوقاف میں صرف کام بولے گا، تعلقات نہیں۔ انہوں نے اعلان کیا کہ وہ ہر ہفتے کے اختتام پر خود محکمانہ امور کا جائزہ لیں گے تاکہ ہر افسر و اہلکار کی کارکردگی کو جانچا جا سکے اور بہتری کے اقدامات بروقت کیے جا سکیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہر سرکاری ملازم کو اس کی صلاحیت، مہارت اور تجربے کے مطابق ذمہ داریاں دی جائیں گی، تاکہ کام کی افادیت اور نتائج میں بہتری لائی جا سکے۔واضح رہے، کہ وزیر اوقاف عدنان قادری کی ہدایات کی روشنی میں سیکرٹری اوقاف خیبرپختونخوا نے منگل کے روزپانچ ملازمین کی اپنے عہدوں سے برطرفی کا اعلامیہ جاری کیا ہے۔ جن کی جگہ دیگر متعلقہ ملازمین کو لگایا گیا ہے۔ وزیر اوقاف نے عوام الناس سے بھی براہ راست رابطہ رکھنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ میرے دفاتر کے دروازے عوام کے لیے کھلے ہیں۔ اگر کسی کو محکمہ اوقاف سے متعلق کوئی شکایت یا تجاویز ہوں تو بلا جھجھک آ کر ملاقات کریں۔ ہم شفاف اور خدمت گزار نظام لانا چاہتے ہیں، جس کے لیے عوام کی شمولیت نہایت اہم ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت عوامی فلاح اور ادارہ جاتی بہتری کے لیے ہر ممکن اقدام کرے گی اور محکمہ اوقاف کو ایک فعال، دیانتدار اور جدید طرز پر استوار ادارہ بنایا جائے گا۔