مشیر صحت احتشام علی کی باجوڑ دھماکے کی شدید مذمت، زخمیوں کو فوری طبی امداد فراہم کر دی گئی

مشیر صحت خیبرپختونخوا احتشام علی نے باجوڑ کے علاقے ناوگئی میں ہونے والے افسوسناک دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اس سانحے میں شہید ہونے والے اسسٹنٹ کمشنر، تحصیلدار، سب انسپکٹر اور دیگر شہداء کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔مشیر صحت نے واقعے کے فوری بعد ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر (ڈی ایچ او) اور میڈیکل سپرنٹنڈنٹ (ایم ایس) ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال باجوڑ سے رابطہ کیا اور زخمیوں کو فوری اور بہترین طبی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانے کی ہدایت جاری کی۔مشیر صحت کی ہدایت پر باجوڑ کے تمام اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی اور محکمہ صحت کا عملہ الرٹ رہا۔ زخمیوں کو فوری طور پر ابتدائی طبی امداد دی گئی، جبکہ تشویشناک حالت کے حامل پانچ زخمیوں کو مزید علاج کے لیے پشاور منتقل کیا گیا۔ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال باجوڑ کی جانب سے جاری کردہ رپورٹ کے مطابق، دھماکے میں اسسٹنٹ کمشنر ناوگئی فیصل اسماعیل، تحصیلدار عبدالوکیل، سپاہی زاہد اور فضل منان موقع پر ہی شہید ہوگئے، جبکہ آزاد ذرائع کے مطابق زخمی سب انسپکٹر نور حکیم کو پشاور منتقل کیا جا رہا تھا کہ وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے راستے میں شہید ہو گئے۔دھماکے میں مجموعی طور پر 18 افراد زخمی ہوئے، جنہیں موقع پر ابتدائی طبی امداد فراہم کی گئی۔محکمہ صحت خیبرپختونخوا سانحے کے متاثرین کے ساتھ کھڑا ہے اور زخمیوں کو مکمل علاج کی فراہمی کے لیے ہر ممکن اقدامات جاری رکھے گا۔

مزید پڑھیں