خیبر پختونخوا میں قانون سازی کو مؤثر اوربہتر بنانے کے لیے اہم اجلاس

خیبر پختونخوا میں قانون سازی کے عمل کو مزید بہتر اور مؤثر بنانے کے لیے صوبائی کابینہ کی تشکیل کردہ کمیٹی برائے قانون سازی کا اجلاس صوبائی وزیر قانون آفتاب عالم ایڈووکیٹ کی زیر صدارت محکمہ قانون کے کمیٹی روم میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں صوبائی وزیر برائے زکوٰۃ، عشر و سماجی بہبود سید قاسم علی شاہ، ایڈووکیٹ جنرل خیبر پختونخوا شاہ فیصل اتمان خیل، سیکرٹری محکمہ قانون، سیکرٹری زکوٰۃ و عشر، سیکرٹری لائیوسٹاک، ڈائریکٹر جنرل لائیوسٹاک، محکمہ خزانہ، اطلاعات و تعلقات عامہ، ایس ایم بی آر، سائنس و آئی ٹی اور دیگر متعلقہ محکموں کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔اجلاس کے ایجنڈے میں خیبر پختونخوا سائنس، آئی ٹی اور انوویشن انڈومنٹ فنڈ 2025، لائیوسٹاک اینڈ پولٹری پراڈکشن ایکٹ ترمیمی بل 2025، جرنلسٹ ویلفیئر انڈومنٹ فنڈ 2014 میں ترامیم اور زکوٰۃ و عشر ایکٹ ترمیمی بل 2025 شامل تھے۔ محکمہ سائنس و ٹیکنالوجی نے مجوزہ بل اور ڈائریکٹوریٹ آف سائنس اینڈ آئی میں ڈائریکٹر جنرل کی تقرری سے متعلق سفارشات پیش کیں۔ ڈی جی لائیوسٹاک ڈاکٹر اصل خان نے مجوزہ ایکٹ کی 23 شقوں پر تفصیلی بریفنگ دی۔ وزیر قانون نے بائیو سیکیورٹی، کاروبار دوست ماحول، اور واضح قانونی اصطلاحات پر زور دیتے ہوئے پولٹری فارمز کی رجسٹریشن کے عمل میں شماریات کی درستگی کے لیے شقوں کی شمولیت کی ہدایت کی۔محکمہ اطلاعات و تعلقات عامہ نے جرنلسٹ ویلفیئر انڈومنٹ فنڈ 2014 کی مختلف شقوں میں ترامیم کا تقابلی جائزہ پیش کیا اور پریس کلبز کی درجہ بندی کی بنیاد پر نمائندگی کا خاکہ پیش کیا۔ وزیر قانون نے پریس کلب پشاور کی مستقل اور کیٹگری بی سے روٹیشن بنیاد پر نمائندگی کی تجویز دی، جسے ضوابط کے مطابق نافذ کیا جائے گا۔زکوٰۃ و عشر ترمیمی بل 2025 سے متعلق سابقہ اجلاس میں پیش کردہ سفارشات پر عملدرآمد کی تفصیلات بھی پیش کی گئی۔ وزیر سماجی بہبود سید قاسم علی شاہ نے اس موقع پر زور دیا کہ سفارشات کو ریفائنڈ اور حتمی شکل دے کر وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کو پیش کیا جائے تاکہ بروقت نفاذ سے عام آدمی کی زندگی میں بہتری لائی جا سکے۔ معذور افراد سے متعلق مجوزہ شق پر ایڈیشنل سیکرٹری سماجی بہبود کی زیر نگرانی قائم سب کمیٹی کی سفارشات بھی پیش کی گئیں، جن پر مختلف ترامیم زیر غور آئیں۔

مزید پڑھیں